تازہ ترین

سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے قبل پاکستان ٹیم مینجمنٹ نے قومی اسکواڈ میں اہم تبدیلیوں کا فیصلہ کر لیا، گرین ٹاپ پچ تیار کرنے کی حکمت عملی کے تحت دو کھلاڑیوں کو اسکواڈ سے ریلیز کر دیا گیا۔  ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کی ہدایت پر عبداللہ فضل اور علی عثمان کو اسکواڈ جوائن کرنے سے قبل ہی ریلیز کر دیا گیا ہے، جبکہ ان کی جگہ طیب عارف اور عامر جمال کی شمولیت کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ٹیم مینجمنٹ نے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے فاسٹ بولنگ کے شعبے کو مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسی حکمت عملی کے تحت پی سی بی پیٹرنز الیون میں شامل فاسٹ بولرز علی شبیر اور ثاقب خان کو بھی قومی اسکواڈ میں شامل کرنے کے لیے طلب کر لیا گیا ہے۔ ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے کھلاڑیوں کو آگاہ کیا گیا ہے کہ راولپنڈی میں گرین ٹاپ وکٹ تیار کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، جہاں فاسٹ بولرز کو زیادہ مدد ملنے کی توقع ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے ابتدائی طور پر بابر اعظم کی قیادت میں 14 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا، جس میں تین نئے کھلاڑی سمیر منہاس، محمد طحہٰ اور محمد سلیمان بھی شامل تھے۔ پی سی بی نے پہلے ہی واضح کیا تھا کہ وارم اپ میچ کے بعد پیٹرنز الیون سے دو فاسٹ بولرز کو قومی اسکواڈ کا حصہ بنایا جائے گا۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا مقابلہ 9 نومبر سے راولپنڈی میں شروع ہوگا، جبکہ دوسرا ٹیسٹ 17 نومبر سے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا

Leave A Comment

Advertisement