تازہ ترین

سری لنکا نے پاکستان سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کیخلاف میچ کے بائیکاٹ کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست کی ہے۔ سری لنکا کرکٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے باضابطہ طور پر درخواست کی ہے کہ وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کے فیصلے پر نظرِ ثانی کرے۔ سری لنکا کرکٹ نے پی سی بی کو خط لکھ کر آگاہ کیا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہائی پروفائل میچ منسوخ ہونے کی صورت میں سری لنکا کو بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔یہ میچ نہ صرف تجارتی لحاظ سے انتہائی اہم ہے بلکہ اس سے سیاحت کی مد میں متوقع آمدن بھی جڑی ہوئی ہے۔ پی سی بی پر زور دیا کہ دونوں بورڈز کے دیرینہ تعلقات، غیر معمولی حالات اور کرکٹ کے وسیع تر مفاد کو مدِنظر رکھا جائے۔

 

 

یہ پیشرفت حکومت پاکستان کے اس فیصلے کے بعد سامنے آئی ہے جس کے تحت قومی ٹیم کو بھارت کے خلاف کھیلنے سے روک دیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ آئی سی سی نے معاملہ حل کرنے کے لیے پسِ پردہ رابطوں کا آغاز کر دیا ہے۔ آئی سی سی کے نائب چیئرمین عمران خواجہ کو پی سی بی سے بات چیت اور ثالثی کا کردار سونپا گیا ہے۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ایک روز قبل وفاقی کابینہ سے خطاب میں حکومتی فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت سے نہ کھیلنے کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا ہے۔

Leave A Comment

Advertisement