یونس خان کی کرکٹ بورڈ میں واپسی کا امکان، اہم ذمہ داری دیے جانے کی اطلاعات
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان کو پاکستان کرکٹ بورڈ میں اہم ذمہ داریاں دیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ پی سی بی نے کرکٹ ڈھانچے کو مزید بہتر بنانے کے لیے لیجنڈری بیٹر سے رابطہ کیا ہے، اور انہیں ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈائریکٹر کے طور پر شامل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یونس خان نے کرکٹ کی بہتری کے لیے اپنی خدمات دینے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔
پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق کھلاڑیوں مصباح الحق اور سرفراز احمد کی طرح یونس خان کی تجربہ کار خدمات سے بھی کرکٹ سسٹم کو بہتر بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔یونس خان نے پاکستان کی جانب سے 118 ٹیسٹ میچز میں 10 ہزار سے زائد رنز بنائے، جبکہ 265 ون ڈے اور 25 ٹی ٹوئنٹی میچز میں بھی قومی ٹیم کی نمائندگی کی ہے۔ وہ ماضی میں قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
پی سی بی حکام نے چند روز قبل ان سے باضابطہ رابطہ کیا تھا اور انہوں نے اپنی دستیابی ظاہر کر دی ہے، تاہم حتمی تقرری کا اعلان چیئرمین محسن نقوی کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔
Leave A Comment