کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 3 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار
مختلف علاقوں میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان ہونے والے دو الگ الگ مقابلوں میں تین خطرناک ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
شاہراہ فیصل کے قریب شہیدِ ملت روڈ پر فیروز آباد پولیس اور شاہین فورس نے کارروائی کرتے ہوئے ڈاکوؤں کا مقابلہ کیا۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جس کی شناخت محمد بلال ولد محمد یوسف کے نام سے ہوئی ہے۔گرفتار ملزم کے قبضے سے غیر قانونی پستول، گولیاں، موبائل فون اور نقدی برآمد کر لی گئی۔زخمی ملزم کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ اس کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے۔فرار ہونے والے ساتھی کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
سپر ہائی وے پر حاجی خان گوٹھ رنگ گوٹھ کے قریب بھی پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ ہوا جس کے نتیجے میں دو ڈاکو زخمی ہو گئے۔چھیپا ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والے ملزمان کی شناخت طاہر ولد احمد علی اور ایاز ولد عزیز اللہ کے ناموں سے ہوئی ہے، دونوں کی عمر تقریباً 25 سال بتائی جا رہی ہے۔ریسکیو ٹیموں نے زخمی ڈاکوؤں کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کر دیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
Leave A Comment