کراچی، کورنگی صنعتی ایریا میں ایس آئی یو کی کارروائی، 2 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار
کورنگی صنعتی ایریا میں ایس آئی یو (اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ) پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزمان سے مقابلہ کیا جس کے دوران دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔ کارروائی انتہائی مطلوب ڈکیت کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی۔پولیس ٹیم نےملزمان کو گھیرنے کی کوشش کی تو انہوں نے فائرنگ شروع کر دی جس پر پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی۔فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں دو ملزمان زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر حراست میں لے لیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور ایک موٹرسائیکل بھی برآمد ہوئی ہے جو ممکنہ طور پر وارداتوں میں استعمال کی جا رہی تھی۔ گرفتار ملزمان کی شناخت کا عمل جاری ہے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ملزمان کے دیگر ساتھیوں اور جرائم کے نیٹ ورک سے متعلق بھی تفتیش کی جا رہی ہے۔