تاجروں کا جو نقصان ہوا ہے اس کا ازالہ کریں گے: وزیراعلیٰ سندھ
کراچی کے علاقے صدر میں واقع گُل پلازہ میں لگنے والی آگ خوفناک آتشزدگی کے واقعے پر ملک کی سیاسی و مذہبی قیادت نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک سنگین انسانی سانحہ قرار دیا ہے۔ زیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے کی جامع انکوائری کا اعلان کرتے ہوئے تاجروں کو نقصان کے ازالے کی یقین دہانی کروائی ہے۔گل پلازہ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک افسوسناک واقعہ ہے جس میں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں، جانی نقصان کا کوئی ازالہ نہیں ہوسکتا۔ کوشش کی جائے گی کہ بولٹن مارکیٹ اور ٹمبر مارکیٹ کے متاثرین کی طرح گل پلازہ کے متاثرین کے نقصانات کا بھی ازالہ کیا جائے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ گل پلازہ ایک 40 سال پرانی عمارت ہے جہاں پورے کراچی سے لوگ خریداری کے لیے آتے ہیں اور یہاں ایک ہزار سے زائد دکانیں موجود تھیں۔ اس وقت تک 58 کے قریب افراد لاپتہ ہیں اور دعا ہے کہ تمام لاپتہ افراد خیریت سے مل جائیں۔ حادثے کے وقت وہ شہر میں موجود نہیں تھے اور شام 5 بجے کے قریب کراچی واپس پہنچے ہیں۔ انہیں گزشتہ رات دیر سے اطلاع ملی تھی، وہ کمشنر کراچی اور ڈپٹی میئر سے مسلسل رابطے میں تھے اور چیف سیکریٹری نے بھی انہیں صورتحال سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے ابھی تک مجھ سے رابطہ نہیں کیا ہے۔ آگ بجھانے کیلیے مزید کسی ادارے کی ضرورت ہوئی تو رابطہ کریں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ 10 بج کر 16 منٹ پر فائر بریگیڈ کو آگ کی اطلاع موصول ہوئی اور 11 منٹ بعد پہلا فائر ٹینڈرگل پلازہ پہنچ چکا تھا۔ اس کے باوجود اس معاملے کی تحقیقات کی جائیں گی اور کوئی قصوروار ہوا تو اس کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔