تازہ ترین

وفاقی تحقیقاتی ادارے کے کمرشل بینکنگ سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے 2 کروڑ روپے کے مالی فراڈ میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا۔  گرفتار ملزم کی شناخت محمد ندیم کے نام سے ہوئی ہے جو پیشے کے اعتبار سے بینکر ہے۔کارروائی خفیہ اطلاع پر عمل میں لائی۔ابتدائی تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزم نے ایک کسٹمر کے چیک کا دھوکہ دہی سے غلط استعمال کیا۔مذکورہ چیک دراصل ٹرم ڈیپازٹ رسید (ٹی ڈی آر) کے حصول کے لیے جاری کیا گیا تھا تاہم ملزم نے اسے اصل مقصد کے بجائے پے آرڈر بنانے کے لیے استعمال کیا۔ملزم نے بعد ازاں اسی پے آرڈر کے ذریعے 20 ملین روپے کی رقم فراڈ سے نکلوائی جس کے نتیجے میں کسٹمر کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا۔ایف آئی اے ٹیم نے بروقت اور مربوط کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا، جبکہ اس کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔کیس کی مزید تفتیش جاری ہے اور مزید انکشافات متوقع ہیں۔