نوابشاہ : رشتے کا تنازع خونریز تصادم میں تبدیل، فائرنگ سے باپ جاں بحق، بیٹا شدید زخمی
نوابشاہ کے تھانہ بی سیکشن کی حدود جام صاحب روڈ قینچی پل کے قریب رشتے کے تنازع پر دو گروپوں کے درمیان جھگڑا خونی تصادم میں تبدیل ہوگیا۔پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں امید علی خاصخیلی جاں بحق ہوگئے، جبکہ ان کا نوجوان بیٹا جنید خاصخیلی شدید زخمی ہوگیا۔زخمی کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے پیپلز میڈیکل کالج اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسے علاج فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ مقتول کی لاش بھی اسپتال منتقل کر دی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جھگڑے میں ملوث دونوں گروپوں کا تعلق خاصخیلی برادری سے ہے، اور واقعے کے بعد برادری کے افراد کی بڑی تعداد اسپتال پہنچ گئی جس کے باعث وہاں صورتحال کشیدہ رہی۔علاقے میں ممکنہ کشیدگی کے پیش نظر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے اور گشت بڑھا دیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔