حج فلائٹ آپریشن کا آغاز کل سے ہوگا، 4 پروازوں کے ذریعے عازمین مدینہ منورہ پہنچیں گے
ملک بھر میں حج فلائٹ آپریشن کا باقاعدہ آغاز میں ایک دن باقی رہ گیا ہے , پہلی حج پرواز کل 18 اپریل کو سعودی عرب کے لیے روانہ ہوگی۔ حج آپریشن کا آغاز بیک وقت کراچی، لاہور، سیالکوٹ اور ملتان سے ہونے والی پروازوں سے کیا جائے گا۔سرکاری حج اسکیم کے تحت مجموعی طور پر 468 پروازوں کے ذریعے ایک لاکھ 19 ہزار عازمین کو حجازِ مقدس پہنچایا جائے گا۔ان عازمین میں 67 ہزار 230 مرد جبکہ 51 ہزار 846 خواتین شامل ہوں گی، جنہیں مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ منتقل کیا جائے گا۔حج آپریشن کے پہلے روز 4 پروازوں کے ذریعے عازمین کو مدینہ منورہ پہنچایا جائے گا، جبکہ جدہ کے لیے حج پروازوں کا آغاز 4 مئی سے ہوگا۔اسی طرح مدینہ منورہ کے لیے پہلی طویل حج پرواز 7 مئی کو روانہ کی جائے گی۔پاکستان سے آخری حج پرواز 21 مئی کو روانہ ہوگی، جس کے ساتھ ہی حج فلائٹ آپریشن کا پہلا مرحلہ مکمل ہو جائے گا۔حکام کے مطابق عازمین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ وہ بخیر وعافیت اپنے مقدس سفر کا آغاز کر سکیں۔