احتجاج کے دوران جانی نقصان کے ذمہ دار امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہیں، خامنہ ای
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ ملک میں ہونے والے حالیہ احتجاج کے دوران جانی نقصان کے ذمہ دار امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہیں۔ ایک مذہبی تہوار کے موقع پر اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ مظاہروں کے دوران ہونے والی ہلاکتوں، نقصانات اور ایرانی قوم کے خلاف لگائے گئے الزامات کے پیچھے امریکی صدر کا ہاتھ ہے۔ آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ یہ سب ایک امریکی سازش ہے اور امریکہ کا مقصد ایران کو دوبارہ فوجی، سیاسی اور معاشی غلامی میں دھکیلنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ ایران کو نگلنا چاہتا ہے اور اسی مقصد کے تحت اندرونی خلفشار کو ہوا دی گئی۔
خطاب کے دوران ایرانی سپریم لیڈر نے حکام پر زور دیا کہ وہ ان عناصر کے خلاف سخت کارروائی کریں جنہیں انہوں نے ’’فتنہ پرور‘‘ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی قوم کو چاہیے کہ وہ ان فتنہ انگیز عناصر کی کمر توڑ دے، جیسے اس نے ماضی میں ایسے فتنوں کو شکست دی تھی۔ایران کسی جنگ کی طرف جانا نہیں چاہتا، لیکن اندرونی جرائم پیشہ عناصر کو بھی نہیں بخشا جائے گا، اور نہ ہی ان بین الاقوامی مجرموں کو جنہیں انہوں نے ملک میں بدامنی کا ذمہ دار ٹھہرایا۔ ان کے بقول، خدا کے فضل سے ایرانی قوم ان تمام سازشوں کو ناکام بنائے گی۔
Leave A Comment