خون کے آخری قطرے تک ایران کی سالمیت اور آزادی کا دفاع کریں گے: ایرانی آرمی چیف
ایران کے آرمی چیف میجر جنرل امیر حاتمی نے کہا ہے کہ ایرانی مسلح افواج ہر قسم کے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور ان شاء اللہ مکمل فتح تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی۔ ایمان کی طاقت ہی ایک ایف 5 لڑاکا طیارے کو امریکا کے کویت میں موجود فوجی ٹھکانوں کے اوپر تک پہنچنے کے قابل بناتی ہے، حالانکہ وہاں جدید ترین دفاعی نظام موجود ہیں۔ ایرانی مسلح افواج ملک کی سالمیت، خودمختاری اور آزادی کے دفاع کے لیے پوری قوت کے ساتھ میدان میں موجود ہیں۔ عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ یہ مقدس مشن اپنی تمام تر توانائی، دستیاب وسائل اور خون کے آخری قطرے تک جاری رکھا جائے گا۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ پاکستان کی ثالثی کی کوششیں ناکام نہیں ہوئیں، جبکہ انہوں نے خطے میں جاری کشیدگی کے دوران بھارت پر زور دیا کہ وہ تہران کے ساتھ اپنے تعلقات کے حوالے سے واضح مؤقف اختیار کرے۔نئی دہلی میں برکس وزرائے خارجہ اجلاس کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ ایران جنگ بندی کو برقرار رکھنے کے لیے کوششیں کر رہا ہے تاکہ سفارت کاری کو موقع دیا جا سکے۔ بعض طاقتیں سفارتی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، تاہم پاکستان کا مصالحتی مشن اب بھی جاری ہے۔ پاکستان کا مشن ابھی ناکام نہیں ہوا۔ امریکا کی جانب سے متضاد پیغامات مذاکراتی عمل کو پیچیدہ بنا رہے ہیں اور تہران کے لیے واشنگٹن کے حقیقی عزائم کو سمجھنا مشکل ہو رہا ہے۔ ایران کو امریکا پر کوئی اعتماد نہیں، تاہم اگر دوسرا فریق سنجیدگی اور انصاف کا مظاہرہ کرے تو تہران مذاکرات کے لیے تیار ہے۔