قطری اور پاکستانی ثالثوں سے مشاورت جاری ہے، اپنی شرائط ان تک پہنچا دی ہیں، محسن رضائی
ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے کہا ہے کہ قطری اور پاکستانی ثالثوں کے ساتھ مشاورت جاری ہے۔ ایران نے امریکا سے مذاکرات کے لیے اپنی شرائط ثالثوں تک پہنچا دی ہیں۔ عرب میڈیا کو انٹرویو میں محسن رضائی نے کہا کہ نیتن یاہو کی بھڑکائی ہوئی اس جنگ سے نکلنے کے لیے ایران کی شرائط تسلیم کرنا واشنگٹن کے مفاد میں ہوگا۔ ایران فیصلہ کن جنگ کے لیے تیار ہے، ٹرمپ کی دھمکیوں کا کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا۔ ایران کو اسی وقت امریکا کے بارے میں اپنی حکمت عملی تبدیل کرنے کا احساس ہوگیا تھا جب امریکا بغیر کسی وجہ کے اسلام آباد میں طے شدہ مفاہمتی یادداشت کے معاہدے سے دستبردار ہوا تھا۔ ایران کے بارے میں امریکی صدر کے اندازے اور حساب کتاب غلط ثابت ہوئے۔ ایران آج امریکی فوج کی کمزوریوں سے واقف ہے اور امریکی فضائی حملوں کا مقابلہ کرنے کے لیے پہلے سے زیادہ تیار ہے۔
ایران نے حال ہی میں ایک امریکی طیارہ بردار بحری جہاز کے قریب بحری جہاز شکن میزائل کا تجربہ بھی کیا ہے۔ ایران اپنے دفاع کے لیے سنجیدہ ہے، اگر ایران پر حملہ کیا گیا تو وہ خطے میں موجود امریکی اڈوں اور واشنگٹن کے مفادات کو پہلے سے زیادہ قوت کے ساتھ نشانہ بنائے گا۔