ایران کی نئی حکمت عملی امریکا کی بنیادیں ہلا دے گی: سربراہ سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل
ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکرٹری محسن رضائی نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ تہران جاری جنگ کے دوران ایک انتہائی اہم اور نئی حکمت عملی اپنائے گا جو اس کی بنیادیں ہلا دے گی۔سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر جاری اپنے ایک بیان میں محسن رضائی نے لکھا کہ موجودہ دلدل سے نکلنے کی تمام امریکی کوششیں ناکام ہو جائیں گی اور جلد ہی دنیا دیکھے گی کہ میدانِ جنگ، سفارت کاری اور معاشی حصار کو توڑنے سے متعلق ایران کی نئی حکمت عملی امریکی بنیادوں کو ہلا کر رکھ دے گی۔
محسن رضائی کا یہ بیان دونوں ممالک کے درمیان حالیہ ہفتوں کے دوران ہونے والی شدید ترین فوجی کارروائیوں اور جھڑپوں کے بعد سامنے آیا ہے۔اسی دوران ایرانی فوج کے سربراہ امیر حاتمی نے اعلیٰ عسکری کمانڈروں اور قائم مقام وزیرِ دفاع سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ اس جنگ کا حتمی فاتح صرف ایران ہی ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ دشمن اپنے طے شدہ اہداف حاصل کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہا ہے اور ایران ہر امریکی کارروائی کا کئی گنا طاقت سے جواب دے گا۔ اس جنگ کے دوران دشمن کی آپریشنل صلاحیتوں کو قریب سے سمجھنے کا موقع ملا ہے، جس کے نتیجے میں ایرانی دفاعی تیاریوں اور جنگی صلاحیتوں میں پہلے سے کہیں زیادہ اضافہ ہوا ہے۔
پاسدارانِ انقلاب کیپیٹل کے نائب سربراہ مصطفی ایزدی نے بھی اپنے اجلاس میں کہا کہ آبنائے ہرمز اور دیگر محاذوں پر امریکا کے تمام اہداف کو مکمل طور پر ناکام بنا دیا گیا ہے۔ امریکی فوجی کمانڈر، جو خود کو دنیا کی سب سے بڑی فوجی طاقت سمجھتے ہیں، اب ایران کی عسکری حکمتِ عملی کے سامنے بے بسی کا اظہار کر رہے ہیں۔