تازہ ترین

ایران کے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے پہلے پیغام میں کہا ہے کہ ایران اپنے شہداء کے خون کا انتقام ضرور لے گا۔ایران کے نئے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے جمعرات کو اپنا پہلا باضابطہ پیغام جاری کیا۔ یہ پیغام پہلے ان کے آفیشل ٹیلی گرام چینل پر جاری کیا گیا جس کے بعد ایران کے سرکاری میڈیا پر نشر ہوا۔ 

آیت اللہ مجتبٰی خامنہ ای نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہم اپنے شہداء کے خون کا انتقام لینے سے ہرگز دستبردار نہیں ہوں گے خصوصاً میناب کے شہداء کا خون رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ ایرانی مسلح افواج کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ طاقت کے ساتھ وطن کا دفاع کر رہی ہیں اور دشمن کے حملوں کا بھرپور جواب دے رہی ہیں۔ امریکا اور اسرائیل کے حملوں میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے ان کے لیے صبر کی دعا کی اور قوم کو یقین دلایا کہ ایران اپنے ہر شہید کے خون کا بدلہ لینے سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ ایران اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ خوشگوار تعلقات کا خواہاں ہے اور اس نے کسی ہمسایہ ملک پر حملہ نہیں کیا۔ ایران نے صرف ان ممالک میں موجود امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا جہاں سے ایران کے خلاف حملے کیے جا رہے تھے۔ ہم دشمن سے ان نقصانات کا ازالہ کروائیں گے۔ اگر وہ اس سے انکار کرے تو ان کو بھی برابر نقصان پہنچائیں گے۔ خطے میں موجود تمام امریکی فوجی اڈے فوری طور پر بند کیے جائیں، بصورتِ دیگر انہیں نشانہ بنایا جائے گا۔

 

Leave A Comment

Advertisement