عباسیہ کینال میں پڑنے والا شگاف 24گھنٹے گذرنے کے باوجود پرنہ کیاجاسکا‘ درجنوں بستیاں‘ سینکڑوں ایکڑ اراضی زیرآب
رحیم یارخان:عباسیہ کینال میں پڑنے والا شگاف 24گھنٹے گذرنے کے باوجود پرنہ کیاجاسکا‘ شگاف کے باعث درجنوں بستیاں‘ سینکڑوں ایکڑ اراضی‘ سڑکیں‘ مسجدیں‘ سکول زیرآب آگئے‘ سینکڑوں افراد کی علاقہ سے نقل مکانی‘ ضلعی انتظامیہ مدد کونہ پہنچی‘ علاقہ مکینوں کا شدید احتجاج‘ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبائی وزیر آبپاشی کا متاثرہ علاقوں کا ہنگامی دورہ‘ مکینوں کو ہونیوالے نقصانات کے ازالہ کی یقین دہانی‘ سیلابی ریلے کے باعث علاقہ مکینوں کی کروڑوں روپے مالیت کی املاک کونقصان‘ شدید گرمی اورحبس کے باعث بیماریاں پھیلنے کا اندیشہ‘ متاثرہ مکینوں نے نہر عباسیہ کینال میں پڑنے والے شگاف کا محکمہ آبپاشی کوذمہ دار قراردیدیا‘ سخت کارروائی کا مطالبہ۔ گزشتہ شام واہی جمن شاہ کے مقام پر نہرعباسیہ کینال میں اچانک سوفٹ سے زائد شگاف پڑگیا جس کے نتیجہ میں موضع واہی جمن شاہ‘ بستی ملک شفیع‘ بستی بلوچاں‘ بستی ٹانوری‘ بستی دڑی موچی‘ بستی کچا کھوہ‘ بستی محمدنگر کے علاوہ نزدیکی درجنوں بستیاں‘ سینکڑوں ایکڑ رقبہ زیرآب آگیا۔ سیلابی پانی بستیوں میں داخل ہونے کے باعث مکینوں کے کروڑوں روپے مالیت کی املاک‘ مال مویشی بری طرح متاثرہوئے۔محکمہ انہار کی جانب سے موقع پر تاخیر سے پہنچنے اور امدادی سرگرمیوں میں سست روی کے باعث سیلابی ریلے نے دور دور تک تباہی مچادی۔پانی کے تیز بہاؤ کے باعث علاقہ مکینوں کو نقل مکانی میں شدید مشکلات کا سامنا رہا جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دعوؤں کے باوجود امداد کیلئے اور نقل مکانی میں مدد دینے کیلئے کوئی نہ پہنچا۔ رات بھر سیلابی پانی کی تباہی جاری رہی
وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نوازشریف کی ہدایت پر صوبائی وزیرآبپاشی کاظم علی پیرزادہ علی الصبح متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئے اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ متاثرین کو ہونیوالے نقصانات کے ازالے کی یقین دہانی کرائی۔علاوہ ازیں ضلعی انتظامیہ کی عدم توجہ کے باعث بڑھتے ہوئے نقصانات پر متاثرین کی بڑی تعداد نے شدید احتجاج کیااور عباسیہ کینال میں پڑنے والے شگاف کے باعث ہونیوالی تباہی کا ذمہ دار محکمہ انہار کوقراردیتے ہوئے ذمہ دار ان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ واضح رہے کہ 24گھنٹے سے زائد کا وقت گذرنے کے باوجود ضلعی انتظامیہ اورمحکمہ انہار کا عملہ نہر عباسیہ کینال میں پڑنے والے شگاف کوپرکرنے میں ناکام رہا ہے۔
سینکڑوں متاثرین امداد کے منتظر‘ ضلعی انتظامیہ دعوؤں کے باوجود متاثرہ مکینوں کو کھانے پینے کی اشیاء تک فراہم کرنے میں ناکام رہی‘ متاثرین کیلئے امدادی سرگرمیاں بھی تاخیر کا شکار رہیں‘ متاثرین میں شدیدغم وغصہ۔ ذرائع کے مطابق گذشتہ سے پیوستہ شام نہرعباسیہ کینال میں پڑنے والے شگاف کے باعث ہونیوالی تباہی اور متاثرین کی بڑی تعداد ضلعی انتظامیہ کی جانب سے امدادی سرگرمیوں کی منتظررہی۔ سینکڑوں متاثرہ مکینوں نے رات کھلے آسمان تلے گزاری جبکہ رہائشی علاقوں میں پانی داخل ہونے کے باعث متاثرین کھانے پینے کی اشیاء سے بھی محروم رہے جبکہ ضلعی انتظامیہ دعوؤں کی باوجود سینکڑوں کی تعداد میں ان مکینوں کو امدادی اشیاء فراہم کرنے میں ناکام نظرآئی۔ شدید گرمی‘ بھوک اورپیاس کے باعث متاثرین کی بڑی تعداد اذیت کا شکار اور انتظامیہ کے خلاف سراپااحتجاج بنی رہی۔
Leave A Comment