رحیم یار خان : ”زندگی آسان پروگرام“ کا ضلع میں آغاز
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے خصوصی افراد کی بحالی کے لئے ”زندگی آسان پروگرام“ کا ضلع میں آغاز کر دیا گیا۔خصوصی افراد کی آسانی اور کار آمد شہری بنانے کے لئے معاون آلات کی فراہمی تقریب کا انعقادمحکمہ سماجی بہبودو بیت المال کے زیر اہتمام جناح ہال میں منعقدہوئی۔تقریب میں سابق ارکان اسمبلی میاں امتیاز احمد، چوہدری محمود الحسن چیمہ، نسرین ریاض گجر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) عرفان انور،ڈویژنل ڈائریکٹر سماجی بہبود اشیاق احمد، ڈسٹرکٹ آفیسرسماجی بہبود محمد عزیر سمیت سیاسی و سماجی شخصیات شریک تھیں۔تقریب میں 36وہیل چیئرز، 07سفید چھڑیاں، ایک کلچز خصوصی افراد میں فراہم کئے گئے۔
سابق ایم این اے میاں امتیاز احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی افراد کی بحالی حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ویژن ہے کہ خصوصی افراد بھی نارمل لوگوں کی طرح آسان زندگی گزاریں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ثابت کیا کہ وہ وعدے نہیں کام کرتی ہیں۔
سابق ایم پی اے چوہدری محمود الحسن چیمہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے معذور افراد کے لئے معاون آلات کی مفت فراہمی کے انقلابی منصوبے کا آغاز کیا ہے۔ خصوصی افراد کی بحالی محض ایک فلاحی قدم نہیں بلکہ ایک سوچ کی تبدیلی ہے۔
سابق ایم پی اے نسرین ریاض گجر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ خصوصی افراد کی کمزوری کو طاقت اور اختیار میں بدلنا چاہتی ہیں۔ منصوبے کے تحت خصوصی افراد کو وہیل چیئرز، الیکٹرک اسکوٹیز، بریل کٹس، سفید چھڑیاں، واکر اور سماعت کے جدید آلات فراہم کئے جائیں گے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) عرفان انور نے کہا کہ یہ منصوبہ زندگی کی بحالی، خود مختاری اور عزت نفس کی فراہمی کا انقلابی قدم ہے۔ درخواستوں کی جانچ پڑتال، ضروریات کا تعین اور آلات کی تقسیم میں شفافیت کویقینی بنایا جا رہا ہے۔محکمہ سماجی بہبود اور انتظامیہ کی کوشش ہے کہ مستحقین کو ان کا حق باعزت انداز میں پہنچے۔
ڈویژنل ڈائریکٹر سماجی بہبود اشتیاق احمد نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے اس پروگرام کے تحت ضلع میں 349درخواستیں موصول ہوئی۔موصول درخواستوں کی تصدیق کا عمل جاری ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد عزیر نے شرکاء کو بتایا کہ تقریب میں 44خصوصی افراد کو مختلف آلات تقسیم کئے جا رہے ہیں۔ خصوصی افراد کا ان کے ورثاء محکمہ سماجی بہبود و بیت المال کے پورٹل (awc-punjab-gov-pk) پر اپلائی کر سکتے ہیں۔