رحیم یارخان: محکمہ جنگلات کی کارروائی‘ بدنام زمانہ ٹمبر مافیا کا سرغنہ گرفتار
محکمہ جنگلات کی بڑی کارروائی‘ بدنام زمانہ ٹمبر مافیا کا سرغنہ غلام محی الدین گرفتار‘ 3 ایم پی او کے تحت گرفتاری عمل لائی گئی ہے‘ ملزم سے لاکھوں روپے کی سرکاری لکڑی برآمد۔ ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر کی زیرنگرانی محکمہ جنگلات کی ٹمبرمافیا کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ جنگلات کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے محکمہ جنگلات کو سالہاسال سے مسلسل نقصان پہنچانے والے بدنام زمانہ ٹمبر مافیا کے سرغنہ غلام محی الدین عرف فوجی کوگرفتارکرلیاہے۔ملزم غلام محی الدین نے ضلع بھر کی مختلف نہروں سے سرکاری درختوں کا صفایا کرنا اور محکمہ جنگلات کے ملازمین کو بلیک میل کرنامعمول بنا رکھا تھا۔
گزشتہ ماہ ملزم نے ڈویژنل فارسٹ آفیسر کو سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں تھی جس پر پولیس نے مقدمہ درج کررکھاتھا۔ ڈویژنل فارسٹ آفیسرکے مطابق 3 ایم پی او کے تحت ملزم کی گرفتاری عمل لائی گئی ہے۔ محکمہ جنگلات کی ٹیم نے چھان بین کی تو ملزم سے لاکھوں روپے کی مالیت کی سرکاری لکڑیاں برآمد ہوئیں۔ڈی ایف او کا کہنا تھا کہ کسی بھی عناصر کو سرکاری درختوں کی چوری کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی‘ ملزم جتنا بھی بااثر کیوں نہ محکمہ جنگلات ان کے خلاف کاروائیاں جاری رکھے گا۔علاقہ مکینوں نے ڈی ایف او اور ان کی ٹیم کی بروقت کارروائی کو سراہا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ اس مہم کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے تاکہ جنگلات کا مکمل تحفظ کیا جا سکے۔