تازہ ترین

لاہورچڑیا گھر کا ٹھیکہ حاصل کرنیوالی نجی کمپنی نے ٹھیکہ چھوڑ دیا، انٹری ٹکٹ، پارکنگ سمیت دیگرسہولتوں کا انتظام دوبارہ چڑیا گھرانتظامیہ نے سنبھال لیا۔نجی کمپنی نے یکم جنوری 2025 کو چڑیا گھر کا ٹھیکہ 50 کروڑ روپے میں حاصل کیا تھا۔ نجی کمپنی کو چڑیاگھر میں انٹری ٹکٹ، پارکنگ سمیت دیگرسہولتوں کا ٹھیکہ دیا گیا تھا تاہم کمپنی نے 6 ماہ 16 دن کے بعد ٹھیکہ چھوڑ دیا ہے۔نجی کمپنی ممکنہ طور پر  25 کروڑ روپے سے زائد رقم لاہورچڑیا گھر کا ٹھیکہ کی مد  میں اداکرے گی،جبکہ بجلی کی بلوں سمیت دیگرواجبات بھی اداکرے گی۔

لاہور چڑیاگھر انتظامیہ نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ چڑیا گھر کا انتظام انہوں نے خود سنبھال لیا ہے۔ حکام کے مطابق نجی کمپنی نے کیپٹووائلڈ لائف مینجمنٹ کمیٹی( سی ڈبلیوایم سی)کو ٹکٹوں کا ریٹ بڑھانے اورانٹری ٹکٹ کے ساتھ کسی دوسری ایک سہولت کا ٹکٹ لازمی دینے کی درخواست کی تھی جسے کمیٹی نے مسترد کردیا تھا۔کمیٹی کا موقف تھا کہ تفریح کے لیے آنیوالوں  پر بوجھ نہیں ڈال سکتے۔ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف اور سینیئرمنسٹر مریم اورنگزیب کا ویژن ہے کہ شہریوں کو سستی اور معیاری تفریح سہولیات فراہم کی جائیں۔

واضح رہے کہ نجی کمپنی نے ٹھیکہ حاصل کرنے کے بعد انٹری ٹکٹ کے ساتھ ہالوورس، ریپٹائلزہاؤس، فش ایکوریم کی ٹکٹ کے پیکج متعارف کروائے اور تفریح کے لئے آنیوالوں کو انٹری ٹکٹ کے ساتھ زبردستی کسی ایک سہولت کا ٹکٹ دیا جاتا تھا جس پر سینیئروزیرمریم اورنگزیب اور سیکرٹری جنگلات وجنگلی حیات پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے یہ سلسلہ بند کروادیا تھا۔ نجی کمپنی نے مزید مالی خسارے سے بچنے کے لئے لاہور چڑیا گھر انتظامیہ کو ٹھیکہ چھوڑنے کی درخواست دی تھی اور یہ یقین دلایا تھا کہ وہ تمام واجبات ادا کرے گی۔جمعرات کے روز چڑیاگھر انتظامیہ نے انتظام خود سنبھال لیا جبکہ دوسری طرف جمعرات کے روز سی ڈبلیوایم سی کا ہنگامی اجلاس بھی طلب کیا گیا جس میں چڑیا گھر کی موجودہ صورتحال پر بات چیت کی گئی۔

 

Leave A Comment

Advertisement