گھی ملز بند کرنے کی دھمکی : ملک میں گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ
پاکستان وناسپتی مینوفیکچرر ایسوسی ایشن کی جانب سے گھی ملز بند کرنے کی دھمکی کے بعد ملک میں گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ایسوسی ایشن کے صدر نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے افسران کی گھی ملوں میں تعیناتی کے خلاف شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اگر ان کے مطالبات جمعہ تک منظور نہ کیے گئے تو ملک بھر کی گھی اور تیل ملیں غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دی جائیں گی۔یہ ہڑتال محض ایک دن کے لیے نہیں بلکہ غیر معینہ مدت کی ہوگی، اور مذاکرات کی ناکامی کی صورت میں جمعہ کے روز سے ملک بھر میں گھی اور کوکنگ آئل کی سپلائی معطل کر دی جائے گی۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ایف بی آر کی سخت گیر شرائط واپس لی جائیں اور ایک کاروبار دوست پالیسی اختیار کی جائے تاکہ صنعت کا پہیہ رواں رکھا جا سکے۔
واضح رہے کہ ایف بی آر نے سیکشن 40 بی کے تحت ملک بھر کی گھی ملوں میں اپنے اہلکار تعینات کر دیے ہیں، جس سے گھی انڈسٹری میں خوف و ہراس کی فضا پیدا ہو گئی ہے۔
Leave A Comment