ملک میں سورج آگ برسانے لگا، پارہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا
پنجاب سمیت ملک بھر میں سورج نے آگ برسانا شروع کردی، پارہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت صوبے بھر میں سورج سوا نیزے پرآ گیا، شدید گرمی سے شہری بے حال ہونے لگے، لاہور سمیت تمام اضلاع میں موسم خشک ہونے کی وجہ سے گرمی کی شدت مزید بڑھتی جا رہی ہے۔شدید گرم موسم کی وجہ سے گھروں اور دفاتر میں ایئر کولر اور ایئر کنڈیشنز کا استعمال بڑھنے لگا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ 40 ڈگری تک جانے کے امکانات ہیں۔علاوہ ازیں موسمیاتی ماہرین نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ دو تین دن تک پنجاب میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے جب کہ موسم خشک رہے گا اور گرمی کی شدت میں بھی بتدریج اضافہ ہوگا۔
دوسری جانب شہر قائد پر تیز دھوپ کا راج ہے جبکہ گرمی کی شدت سے متعلق محکمہ موسمیات نے پیش گوئی بھی کردی ہے۔