تازہ ترین

نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثاروں کو سلام عقیدت پیش کرنے کے لیے ملک بھر میں یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں ذوالجناح کے جلوسوں اور مجالس کا انعقاد کیا گیا ہے، جن میں حضرت امام حسینؓ کی قربانیوں کا ذکر اور شہدائے کربلا کی عظمت کو اجاگر کیا جا رہا ہے، عزاداروں کی جانب سے غم حسین میں نوحہ خوانی اور عزاداری کی جا رہی ہے۔

لاہور میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نثار حویلی سے برآمد ہوا، جلوس اپنے مقررہ راستوں پر گامزن ہے جو امام بارگاہ کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نثار حویلی کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس 9 بجے نشتر پارک سے برآمد ہوگا اور امام بارگاہ حسینیاں ایرانیاں کھارادر پر ختم ہوگا۔

کوئٹہ میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس علمدار روڈ سے برآمد ہوگا، موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند جبکہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد رہے گی جبکہ فیصل آباد میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہ عزاخانہ شبیر دھوبی گھاٹ سے برآمد ہوگا۔

Leave A Comment

Advertisement