تازہ ترین

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) لاہور زون نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کو ریاست مخالف سوشل میڈیا سرگرمیوں کے الزام میں طلب کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق علیمہ خان کو 17 جولائی کو صبح 11 بج کر 30 منٹ پر لاہور کے گلبرگ-II میں واقع این سی سی آئی اے دفتر میں ذاتی طور پر پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یہ کارروائی انکوائری نمبر 2531/25 مورخہ 27 مئی 2025 کے تحت کی جا رہی ہے، جس کے تحت علیمہ خان پر الزام ہے کہ وہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے ریاست مخالف بیانیے کو فروغ دینے میں ملوث رہی ہیں۔نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ طلبی کا مقصد علیمہ خان کا بیان ریکارڈ کرنا ہے تاکہ وہ اپنے دفاع میں موقف پیش کر سکیں۔ ساتھ ہی متنبہ کیا گیا ہے کہ اگر وہ مقررہ وقت پر پیش نہ ہوئیں تو اسے ان کی جانب سے دفاع میں کچھ نہ کہنے کے مترادف سمجھا جائے گا، اور عدم حاضری کی صورت میں قانونی کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا۔نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر علیمہ خان نے این سی سی آئی اے کے احکامات پر عمل نہ کیا تو ان کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 174 کے تحت کارروائی کی جا سکتی ہے، جو حکومتی احکامات کی خلاف ورزی سے متعلق ہے۔

واضح رہے کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی وزارت داخلہ کے ماتحت کام کرنے والا وفاقی ادارہ ہے، جو ریاستی اداروں اور قومی سلامتی کے خلاف آن لائن سرگرمیوں کی نگرانی اور تفتیش کرتا ہے۔علیمہ خان کی جانب سے تاحال نوٹس پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

 

Leave A Comment

Advertisement