بھارتی حکومت کی پالیسیوں کیخلاف مزدور سڑکوں پر، پرتشدد احتجاج، گاڑیاں نذرآتش
بھارت میں معاشی دباؤ اور حکومتی پالیسیوں کے خلاف عوامی ردعمل شدت اختیار کر گیا ہے، جہاں ہزاروں مزدور سراپا احتجاج بن کر سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔ بھارتی شہر نوئیڈا میں فیکٹری مزدوروں کا احتجاج اس وقت پرتشدد شکل اختیار کر گیا جب مظاہرین نے توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی شروع کر دی، اس دوران متعدد گاڑیوں کو آگ بھی لگا دی گئی۔ مزدور تنخواہوں میں اضافے اور بہتر کام کے حالات کا مطالبہ کر رہے تھے، تاہم مذاکرات میں پیش رفت نہ ہونے کے باعث احتجاج شدت اختیار کر گیا۔صورتحال اس وقت مزید خراب ہوئی جب مظاہرین اور سیکیورٹی اہلکاروں کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی، جس کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں بےامنی پھیل گئی۔ سیاسی رہنماؤں نے بھی اس صورتحال پر ردعمل دیتے ہوئے حکومت کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادیو نے کہا کہ موجودہ حالات کے ذمہ دار حکومتی اقدامات ہیں، جن کی وجہ سے مزدور طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہے اور انہیں اپنے حقوق کے لیے سڑکوں پر آنا پڑ رہا ہے۔
کانگریس کے رہنما اجے رائے نے بھی مزدوروں کے مطالبات کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کو نظر انداز کرنا مناسب نہیں اور حکومت کو فوری طور پر عملی اقدامات کرنے چاہییں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور کم اجرت نے عام آدمی کی زندگی کو متاثر کر دیا ہے، جس کے باعث عوامی غم و غصہ بڑھ رہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بڑھتے ہوئے احتجاج اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ معاشی دباؤ نے مزدور طبقے کو شدید متاثر کیا ہے۔ اگر حکومت نے بروقت اقدامات نہ کیے تو یہ مظاہرے مزید شدت اختیار کر سکتے ہیں، جو نہ صرف معاشی بلکہ سماجی استحکام کے لیے بھی چیلنج بن سکتے ہیں۔
Leave A Comment