بھارت : ایل پی جی سلنڈر خریدنے پر پابندی عائد
بھارت نے توانائی بحران کے خدشے کے پیش نظر بڑا فیصلہ کرتے ہوئے پائپ لائن کے ذریعے قدرتی گیس استعمال کرنے والے صارفین پر ایل پی جی سلنڈر خریدنے پر فوری پابندی عائد کر دی ہے۔بھارتی حکومت کی جانب سے جاری کردہ نئے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ جن گھروں یا صارفین کو پہلے ہی پائپڈ نیچرل گیس (PNG) فراہم کی جا رہی ہے، وہ اب ایل پی جی سلنڈر حاصل نہیں کر سکیں گے۔
آبنائے ہرمز میں کشیدگی اور امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری تنازع کے باعث ایل پی جی کی عالمی سپلائی متاثر ہوئی ہے، جس کے بعد بھارت کو گیس کی قلت کا سامنا ہے۔بھارت اپنی ایل پی جی ضروریات کا تقریباً 60 فیصد درآمد کرتا ہے جبکہ ان درآمدات کا 90 فیصد حصہ مشرق وسطیٰ سے آتا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق بھارت نے سال 2025 میں 3 کروڑ 31 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن ایل پی جی استعمال کی، جس کا بڑا حصہ گھریلو کھانا پکانے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ بھارتی حکومت اب شہریوں کو زیادہ سے زیادہ پائپ گیس استعمال کرنے کی ترغیب دے رہی ہے تاکہ ایل پی جی ذخائر پر دباؤ کم کیا جا سکے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آبنائے ہرمز کی صورتحال مزید خراب ہوئی تو بھارت سمیت کئی ایشیائی ممالک میں گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مزید بڑھ سکتی ہیں۔
Leave A Comment