بھارت: زائرین پر مندر کا ستون گر گیا؛ 6 افراد ہلاک، 18 زخمی
بھارت کی ریاست مہاراشٹرا کے ضلع پربھنی میں واقع مشہور یشواڑی ہنومان مندر میں ہفتے کے روز ایک افسوسناک حادثے کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک جبکہ 18 دیگر زخمی ہوگئے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب مندر کے احاطے میں زیرِ تعمیر سبھا منڈپ کا ایک پتھریلا ستون اچانک گر گیا اور زائرین ملبے تلے دب گئے۔مندر میں سبھا منڈپ کی تعمیر کا کام جاری تھا۔ ہفتے کے روز مندر میں زائرین کی بڑی تعداد موجود تھی کہ اسی دوران زیرِ تعمیر ڈھانچے کا ایک پتھر کا ستون اچانک منہدم ہوگیا۔ حادثے کے بعد عقیدت مند جان بچانے کے لیے مختلف سمتوں میں بھاگے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ، پولیس اہلکار اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ امدادی اہلکاروں نے کئی گھنٹوں تک ملبہ ہٹانے اور اس کے نیچے پھنسے افراد کو نکالنے کا کام جاری رکھا۔ انتظامیہ کے مطابق ریسکیو آپریشن ہفتے کی شام 6 سے 7 بجے کے درمیان مکمل کر لیا گیا۔زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے پربھنی، ناندیڑ اور آر پی اسپتال منتقل کیا گیا۔ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ حادثے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کے علاج کے لیے ضروری طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں نریندر مودی کا کہنا تھا کہ مہاراشٹرا کے پربھنی میں دیوار گرنے کے باعث قیمتی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک ہے۔ اس حادثے میں اپنے پیاروں کو کھونے والوں کے ساتھ میری ہمدردیاں ہیں۔ دعا ہے کہ تمام زخمی جلد صحت یاب ہوں۔