بھارت : انکم ٹیکس محکمے کا چھاپہ، بھارتی رئیل اسٹیٹ ٹائیکون نے گولی مار کر خودکشی کرلی
بھارتی شہر بنگلورو میں رئیل اسٹیٹ گروپ، کنفیڈنٹ گروپ کے چیئرمین سی جے رائے نے انکم ٹیکس محکمے کے چھاپے کے دوران اپنے دفتر میں خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی، ان کی عمر 57 برس تھی۔ بنگلورو پولیس کمشنر کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ سہ پہر 3 بج کر 30 منٹ پر پیش آیا، انکم ٹیکس محکمے کے چھاپے کے دوران وہ اپنے دفتر میں موجود تھے اور اسی دوران انہوں نے خود کو گولی مار کر اپنی جان لے لی۔
گزشتہ تین دنوں سے انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے سی جے رائے اور ان سے منسلک کمپنیوں پر چھاپے مارے جارہے تھے، چھاپوں کے دوران ان کے پاس آمدن سے زائد اثاثے پائے جانے کا انکشاف ہوا تھا۔تحقیقات کے بعد ہی واضح ہو سکے گا کہ آیا یہ خودکشی ہے یا اس میں کسی قسم کی اکسانے (Abetment) کا پہلو موجود ہے، انکم ٹیکس کی چھاپہ مار ٹیم کا تعلق کیرالہ سے بتایا جا رہا ہے جس سے پولیس ابھی بات چیت کرے گی۔
سی جے رائے کے بھائی نے میڈیا کو بتایا ہے کہ انکم ٹیکس حکام پہلی بار دسمبر میں بنگلورو آئے تھے جبکہ دوسری بار 28 جنوری کو اِن کے بھائی سی جے رائے کو دبئی سے واپس بلا کر تفتیش کی گئی۔ سی جے رائے کا تعلق کیرالہ ریاست کے شہر کوچی سے تھا۔ وہ لگژری گاڑیوں کے شوقین تھے اور ملیالم فلم انڈسٹری سے بھی وابستہ رہے۔ اُنہوں نے کئی فلمیں پروڈیوس کیں۔
Leave A Comment