بھارت : کاکروچ جنتا پارٹی کا پہلا عوامی احتجاج
ایک جج کے متنازع ریمارکس سے جنم لینے والی نوجوانوں میں تیزی سے ابھرتی ہوئی جماعت ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ نے پہلا بڑا احتجاجی مظاہرہ کر ڈالا۔نوجوانوں اور طلبا کے مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے قائم کی گئی "کاکروچ جنتا پارٹی" نے دارالحکومت نئی دہلی میں اپنا پہلا عوامی احتجاج منعقد کیا جس میں وفاقی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کا مطالبہ کیا گیا۔جنتر منتر پر ہونے والے مظاہرے میں طلبا، نوجوان کارکنوں اور سماجی شخصیات نے شرکت کی اور ملک میں بے روزگاری اور تعلیمی شعبے کے بڑھتے مسائل پر شدید نعرے بازی کی۔پارٹی کے بانی ابھیجیت دیپکے نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کے مطالبات پر سنجیدگی سے غور نہ کیا گیا تو احتجاجی تحریک کو ملک کے دیگر شہروں تک توسیع دی جائے گی۔انھوں نے اعلان کیا کہ آئندہ ہفتے بھی دہلی میں ایک اور احتجاجی پروگرام منعقد کیا جائے گا۔مظاہرے میں معروف انجینئر اور سماجی کارکن سونم وانگچوک نے بھی شرکت کی۔
پہلے عوامی اجتماع میں کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات کی گئی تھی۔