ٹائیگر شروف پر فائرنگ کرنیوالے 3 ملزمان راجستھان سے گرفتار
بھارتی اداکار ٹائیگر شروف پر فائرنگ کے واقعے میں مبینہ طور پر ملوث 3 ملزمان کو راجستھان کے شہر کوٹا کے ریلوے اسٹیشن سے گرفتار کر لیا گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق ملزمان ٹرین میں سفر کر رہے تھے، گرفتار افراد میں سے 2 کا تعلق ہریانہ جبکہ 1 کا تعلق مہاراشٹر سے ہے، تینوں کے لارنس بشنوئی گینگ سے وابستہ ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ تفتیشی اداروں کو شبہ ہے کہ فائرنگ کی کارروائی تربیت یافتہ شوٹرز نے کی، جنہوں نے حملے سے قبل ٹائیگر شروف کی نقل و حرکت پر نظر رکھی تھی۔ملزمان کو معلوم تھا کہ اداکار ہر اتوار کو جوہو کے فٹ بال گراؤنڈ جاتے ہیں، ملزمان نے ان کی ہفتہ وار مصروفیات کی نگرانی کی اور گراؤنڈ سے گاڑی میں روانگی کے وقت فائرنگ کی۔واقعے کے بعد ملزمان مبینہ طور پر پہلے سے طے شدہ راستے کے ذریعے ویلے پارلے اور اندھیری سے ہوتے ہوئے فرار ہوئے، انہوں نے اندھیری ویسٹ ریلوے اسٹیشن کے قریب موٹر سائیکل چھوڑ دی اور بوریولی جانے والی ٹرین میں سوار ہو گئے۔ابتدائی انٹیلی جنس معلومات کے مطابق ملزمان قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بچنے کے لیے مہاراشٹر کی سرحد عبور کر کے پڑوسی ریاست گجرات بھی پہنچے تھے۔
فائرنگ کا واقعہ اتوار کی شام ممبئی کے علاقے جوہو میں پیش آیا تھا، جہاں نامعلوم حملہ آوروں نے ٹائیگر شروف کی گاڑی کو نشانہ بنایا، اداکار اس واقعے میں محفوظ رہے، تاہم ان کے ڈرائیور اور ایک دوسرے شخص کو چوٹیں آئیں۔