بھارت: کرکٹ میچ کے دوران بلے باز ہارٹ اٹیک سے چل بسا
بھارتی پنجاب کے شہر فیروزپور سے ایک دل دہلا دینے والی خبر سامنے آئی ہے، جہاں ایک مقامی کرکٹ میچ کے دوران بلے باز ہرجیت سنگھ اچانک دل کا دورہ پڑنے سے میدان میں ہی دم توڑ گئے۔افسوسناک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہرجیت سنگھ نے ایک شاندار چھکا مارا، لیکن اس کے فوراً بعد وہ پچ کے درمیان گھٹنے کے بل بیٹھے اور اچانک زمین پر گر گئے۔یہ واقعہ فیروزپور کے ڈی اے وی اسکول گراؤنڈ میں جاری ایک مقامی ٹورنامنٹ کے دوران پیش آیا، ویڈیو میں صاف دیکھا جا سکتا ہے کہ چھکا مارنے کے بعد ہرجیت سنگھ دوسرے اینڈ پر کھڑے بلے باز کے ساتھ خوشی منانے کے لیے جاتے ہیں، مگر اچانک ان کی طبیعت بگڑ جاتی ہے۔گرنے کے بعد ساتھی کھلاڑی فوراً ان کے پاس پہنچے اور انہیں بچانے کی کوشش کی، حتیٰ کہ CPR (دل کو دوبارہ فعال کرنے کی کوشش) بھی کی گئی، لیکن ہرجیت سنگھ کو ہوش میں نہ لایا جا سکا، ڈاکٹروں نے بعد میں تصدیق کی کہ ان کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی ہے۔
اسی طرح کا ایک واقعہ 2024ء میں پونے میں بھی پیش آیا تھا، جہاں 35 سالہ کرکٹر عمران پٹیل جو گراورے اسٹیڈیم میں ایک مقامی میچ کھیل رہے تھے، دل کی تکلیف کی شکایت کے بعد میدان سے باہر جاتے ہوئے زمین پر گر پڑے تھے۔اگرچہ انہیں فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا، لیکن ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی، عمران پٹیل ایک مکمل فٹ کھلاڑی اور آل راؤنڈر تھے، اس لیے ان کی اچانک موت نے سب کو حیران کر دیا تھا۔
Leave A Comment