تازہ ترین

پہلے ٹی 20 میچ میں پاکستان ٹیم کو بدترین شکست ہی نہیں ہوئی بلکہ اس نے بنگلہ دیش کے خلاف 2 ناپسندیدہ ریکارڈ قائم کر دیے۔ڈھاکا کے شیر بنگلہ سٹیڈیم میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کا آغاز گرین شرٹس کی بدترین شکست سے ہوا ہے۔ تاہم اس کے ساتھ ہی مہمان ٹیم نے 2 ناپسندیدہ ریکارڈ بھی اپنے نام درج کرا لیے ہیں۔میچ میں پاکستان ٹیم میزبان کپتان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کے لیے میدان میں اتری، لیکن بلے بازی کا فلاپ شو پیش کرتے ہوئے پوری ٹیم صرف 19.3 اوورز میں 110 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔اس کے ساتھ ہی گرین شرٹس نے دو ناپسندیدہ ریکارڈ اپنے نام درج کرا لیے۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان اب تک کھیلے گئے 23 میچز میں یہ پہلا موقع تھا کہ قومی ٹیم مکمل 20 اوورز نہ کھیل سکی اور بنگلہ بولرز نے انہیں 19.3 اوورز میں ہی چلتا کیا۔اس کے ساتھ ہی پاکستان ٹیم جب 110 رنز پر پویلین لوٹی تو یہ اس کا بنگلہ دیش کے خلاف کم ترین سکور تھا۔

تاہم پاکستان کا بنگلہ دیش کے خلاف باہمی مقابلوں میں پلڑا اب بھی بھاری ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 23 ٹی 20 میچز کھیلے گئے ہیں۔ گرین شرٹس نے 19 میچوں میں کامیابی حاصل کی جب کہ بنگال ٹائیگرز کو چار فتوحات ملی ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان ٹیم اس سے قبل کئی ٹیموں سے مقابلے میں 100 سے بھی کم اسکور پر آؤٹ ہو چکی ہے۔گرین شرٹس کا ٹی 20 انٹرنیشنل میں سب سے کم اسکور آسٹریلیا کے خلاف 74 رنز ہے، جو دبئی میں بنایا تھا۔ گرین شرٹس ویسٹ انڈیز کے خلاف 82، بھارت کے خلاف 83 اور انگلینڈ کے خلاف 89 رنز پر بھی ڈھیر ہو چکی ہے جب کہ رواں برس اوول میں نیوزی لینڈ کے خلاف 91 رنز پر آؤٹ ہو کر کیویز کے خلاف سب سے کم اسکور پر آؤٹ ہونے کا ریکارڈ بنایا تھا۔

 

Leave A Comment

Advertisement