رحیم یارخان:ایلیٹ فورس کے 5اہلکاروں کی شہادت‘ 30 سے زائد حملہ آور ڈاکوؤں کے خلاف مقدمہ درج
رحیم یارخان(بیورو رپورٹ)ایلیٹ فورس کے 5اہلکاروں کی شہادت‘ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ نے انڈھڑگینگ کے سرغنہ سمیت 30 سے زائد حملہ آور ڈاکوؤں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا‘ اندراج مقدمہ میں 28نامزد‘ 5نامعلوم ڈاکو شامل‘ انڈھڑ گینگ کے سرغنہ کی سوشل میڈیا پر ویڈیووائرل‘ اہلکاروں کو شہید کرنے کی ذمہ داری قبول کرلی‘ مزید حملے کرنے کی دھمکی۔ گذشتہ شب انڈھڑ گینگ کے سرغنہ تنویرانڈھڑ کی سربراہی میں کچہ کے جرائم پیشہ عناصر کے 30سے زائد ڈاکوؤں نے جدید اسلحہ‘ راکٹ لانچر‘ ہینڈگرینڈسے مسلح ہوکر حملہ کرتے ہوئے چیک پوسٹ پر تعینات ایلیٹ فورس کے 5اہلکاروں کوشہید جبکہ اسسٹنٹ سب انسپکٹر سمیت دوکوزخمی کردیاتھا۔
کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ نے ایلیٹ فورس کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمداکرم کی مدعیت میں انڈھڑگینگ کے سرغنہ تنویرعرف دود‘ جمیل عرف جیلہ‘ شاہد‘ حمزہ‘ جبار‘ گل حسن‘ رمضان‘ ملوک‘ قبول‘ عبدالستار‘ عبدالغفار‘ یٰسین‘ ضمیر‘ مورو‘ عرفان‘ شیرا‘ یعقوب وغیرہ 28 نامزد اور پانچ نامعلوم کے خلاف انسداد دہشت گردی‘ قتل‘ اقدام قتل سمیت سنگین دفعات کا مقدمہ درج کرلیا۔
سوشل میڈیا پر انڈھڑ گینگ کے سرغنہ تنویر عرف ددو کے وائرل ہونیوالے پیغام میں ایلیٹ فورس کے اہلکاروں کی شہادت کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے مزید حملوں کی دھمکی دی۔ وائرل پیغام میں کہا کہ پولیس نے اس کی برادری سے تعلق رکھنے والے شعبان انڈھڑ جوکہ پانچ سال جیل بھگت چکاتھا‘کواقلیتی افراد کی رہائی کے عوض پولیس نے جیل سے نکال کر جعلی پولیس مقابلہ میں قتل کیا جس کے جواب میں حملہ کرکے اہلکاروں کوشہید کیاہے۔ 48گھنٹے گذرنے کے باوجود پولیس شہیدہونیوالے اہلکاروں کی شہادت میں ملوث کچہ کے کسی بھی ملزم کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے۔