لاہور : موبائل فون کے ذریعے پیٹرول مشینوں میں الیکٹرانک فراڈ کا انکشاف، این سی سی آئی اے کی 4 کارروائیاں، 14 ملزمان گرفتار
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پیٹرول پمپس کی فیول ڈسپنسنگ مشینوں میں ردوبدل کرکے شہریوں کو مقررہ مقدار سے کم پٹرول فراہم کرنے والے گروہ کے خلاف چار مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 14 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائیوں کے دوران پٹرول مشینوں میں نصب 12 ڈیجیٹل فیول کنٹرول کٹس سمیت موبائل فونز اور دیگر متعلقہ آلات برآمد کر لیے گئے۔
این سی سی آئی اے کے مطابق پہلی کارروائی واپڈا ٹاؤن کے علاقے میں کی گئی، جہاں پیٹرول پمپ کی مشینوں کی تکنیکی جانچ کے دوران چار ڈیجیٹل فیول کنٹرول کٹس برآمد ہوئیں۔ ان آلات کے ذریعے مشینوں کے الیکٹرانک نظام میں ردوبدل کرکے صارفین کو ادائیگی کے باوجود مقررہ مقدار سے کم پٹرول فراہم کیا جا رہا تھا۔ کارروائی کے دوران پیٹرول پمپ کے منیجر، کیشیئر اور چار فیول فلرز کو گرفتار کیا گیا، جبکہ مزید تفتیش کے دوران اس نظام کو نصب کرنے والے ٹیکنیکل انسٹالر کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔
دوسری کارروائی ہڈیارہ برکی کے علاقے میں کی گئی، جہاں فیول ڈسپنسنگ مشینوں کی تکنیکی جانچ کے دوران مزید چار ڈیجیٹل فیول کنٹرول کٹس برآمد کرکے تین ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ مشینوں میں نصب الیکٹرانک آلات کو موبائل فون میں موجود ایپلی کیشن کے ذریعے کنٹرول کیا جاتا تھا، جس کے ذریعے پٹرول کی اصل سپلائی کم کردی جاتی تھی جبکہ ڈیجیٹل ڈسپلے پر صارف کو پوری مقدار ظاہر ہوتی تھی۔
تیسری کارروائی لاہور کے بند روڈ کے علاقے میں عدالتی سرچ وارنٹ حاصل کرنے کے بعد کی گئی، جہاں فیول ڈسپنسنگ مشینوں کی تفصیلی جانچ کے دوران دو ڈیجیٹل فیول کنٹرول کٹس برآمد کرکے قبضے میں لے لی گئیں۔ کارروائی کے دوران پٹرول پمپ کے مالک اور منیجر کو گرفتار کیا گیا۔
چوتھی کارروائی گلشن راوی کے علاقے میں راوی فلنگ اسٹیشن پر کی گئی، جہاں غیر قانونی الیکٹرانک آلات کے ذریعے پٹرول کی مقدار میں ردوبدل کرکے شہریوں سے پوری قیمت وصول کرنے کے معاملے پر کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان غلام حسین اور نذیر حسین کو گرفتار کر لیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ پٹرول مشینوں میں نصب ڈیجیٹل آلات کو موبائل فون پر موجود ہوم لوڈ (Home Load) ایپلی کیشن کے ذریعے دور بیٹھ کر بھی آپریٹ کیا جا سکتا تھا۔ اس ٹیکنالوجی کے ذریعے مشینوں کے الیکٹرانک نظام میں ردوبدل کرکے پٹرول کی اصل مقدار کم کردی جاتی تھی، جبکہ مشین کے ڈیجیٹل ڈسپلے پر صارف کو پوری مقدار دکھائی جاتی تھی۔ اس طرح شہریوں کو پوری قیمت وصول کرنے کے باوجود کم پٹرول فراہم کرکے مالی نقصان پہنچایا جا رہا تھا۔این سی سی آئی اے نے چاروں کارروائیوں کے دوران گرفتار ملزمان کے قبضے سے 12 ڈیجیٹل فیول کنٹرول کٹس، موبائل فونز اور دیگر متعلقہ آلات تحویل میں لے کر مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔