ڈونلڈ ٹرمپ کا بیرون ملک ڈیٹا سینٹرز تعمیر کرنے والی امریکی کمپنیوں پر بھاری ٹیکس عائد کرنے کا اعلان
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بیرون ملک ڈیٹا سینٹرز تعمیر کرنے والی امریکی کمپنیوں پر بھاری ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کردیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا اپنی کمپنیوں کو ملک سے باہر ڈیٹا سینٹرز تعمیر کرنے کی اجازت نہیں دے گا اور ایسی کمپنیوں پر بھاری ٹیکس عائد کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد مصنوعی ذہانت کے شعبے میں امریکی کمپنیوں کو چینی حریفوں کے مقابلے میں مضبوط بنانا ہے۔
وائٹ ہاؤس میں ایشیا کے دورے سے واپسی کے بعد نیوز کانفرنس کے دوران مصنوعی ذہانت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ وہ بیرون ملک ڈیٹا سینٹرز تعمیر کرنے والی کمپنیوں پر بہت زیادہ ٹیکس عائد کریں گے۔
ڈیٹا سینٹرز مصنوعی ذہانت کی صنعت کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں کیونکہ یہ پیچیدہ اے آئی نظاموں کی تیاری اور انہیں چلانے کے لیے درکار کمپیوٹنگ طاقت فراہم کرتے ہیں۔ان پر ممکنہ ٹیکس سے دنیا بھر میں ڈیٹا سینٹرز کی تعمیر اور توسیع کے منصوبے متاثر ہوسکتے ہیں۔امریکا کی کئی بڑی ڈیٹا سینٹر کمپنیاں، جن میں ایکوینکس اور ڈیجیٹل ریئلٹی شامل ہیں، بیرون ملک بھی ایسے مراکز تعمیر اور چلا رہی ہیں۔ڈیٹا سینٹرز کے منتظمین عموماً اپنی سہولیات صارفین کے قریب قائم کرتے ہیں تاکہ ادائیگیوں کی پروسیسنگ جیسے فوری نوعیت کے کاموں میں تاخیر کم کی جاسکے۔اس کے علاوہ بڑی مقدار میں ڈیٹا کو طویل فاصلے تک منتقل کرنے سے اخراجات میں بھی نمایاں اضافہ ہوتا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ امریکا میں ڈیٹا سینٹرز کی تعمیر کے حامی ہیں، تاہم اس پالیسی کو عوامی سطح پر مخالفت کا سامنا بھی ہے۔ ملک بھر میں مختلف علاقوں کے شہری بجلی کی بڑھتی ہوئی طلب، یوٹیلیٹی بلوں میں اضافے اور مقامی سطح پر دیگر ممکنہ اثرات کے باعث ڈیٹا سینٹرز کے قیام کی مخالفت کررہے ہیں۔امریکی محکمہ تجارت نےجنوب مشرقی ایشیا کے متعدد ممالک کو جدید مصنوعی ذہانت کے چپس کی برآمد محدود کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے ہیں۔یہ کوشش چین کو تیسرے ممالک کے ذریعے جدید ٹیکنالوجی تک رسائی سے روکنے کی وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہے۔امریکا پہلے ہی جدید ترین اے آئی چپس کی چین کو براہ راست فروخت پر پابندی عائد کرچکا ہے، تاہم چینی کمپنیوں نے ایسے ممالک میں قائم ڈیٹا سینٹرز کی کمپیوٹنگ صلاحیت کرائے پر حاصل کرکے ان چپس تک رسائی جاری رکھی ہوئی ہے جہاں ان کی درآمد کی اجازت ہے۔
Leave A Comment