تازہ ترین

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرط کے باوجود چینی کے شعبے کو ڈی ریگولیٹ کرنے میں ناکامی کے دوران، حکومت نےمتعلقہ وزارتوں میں سمری گردش کرائے بغیر مزید 4 لاکھ 16 ہزار میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین نے اجلاس کے بعد   بتایا کہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے 4 لاکھ میٹرک ٹن سے زائد چینی برآمد کرنے کی منظوری دے دی ہے، کیونکہ کرشنگ سیزن شروع ہونے والا ہے اور ملک میں چینی کی کوئی قلت نہیں ہے۔ حکومت کے مسودہ پالیسی پیپر کے مطابق شوگر ملز مالکان گزشتہ 10 سالوں کے دوران چینی کی برآمدات کے ذریعے پہلے ہی 1.6 ارب ڈالر کما چکے ہیں۔

ای سی سی کی جانب سے 4 لاکھ 16 ہزار ٹن چینی برآمد کرنے کی یہ منظوری چار ماہ میں اس نوعیت کی تیسری اجازت ہے، جس سے رواں سیزن کے لیے چینی کی مجموعی برآمدی مقدار 7 لاکھ 24 ہزار میٹرک ٹن تک پہنچ گئی ہے۔ اس سے قبل ای سی سی نے اگست میں ایک لاکھ 8 ہزار میٹرک ٹن درآمدی چینی اور ستمبر کے وسط میں مزید 2 لاکھ میٹرک ٹن مقامی طور پر تیار کردہ چینی برآمد کرنے کی اجازت دی تھی۔ چینی کی برآمد سے متعلق کابینہ کمیٹی نے ای سی سی کو 4 لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی سفارش کی تھی، جبکہ سندھ کے لیے 16 ہزار میٹرک ٹن کا اضافی کوٹہ بھی مانگا تھا، جس سے برآمد کی مجموعی مقدار 4 لاکھ 16 ہزار میٹرک ٹن ہو گئی۔

 6 لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کا اصولی فیصلہ مہینوں پہلے کیا گیا تھا، تاہم میڈیا میں شور شرابے سے بچنے کے لیے اسے دو مراحل میں نافذ کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چینی کی برآمد سے متعلق معاملات پہلے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی سطح پر طے کیے گئے اور پھر ایک سمری اضافی ایجنڈا آئٹم کے طور پر ای سی سی میں پیش کی گئی۔ معاملات کو خفیہ رکھنے کے لیے ای سی سی میں چینی کی برآمد کی سمری کو باقاعدہ ایجنڈے کا حصہ نہیں بنایا گیا اور نہ ہی اسے متعلقہ وزارتوں کو بھجوایا گیا۔ اگرچہ ای سی سی کے چیئرمین کو کمیٹی کے سامنے کوئی بھی اضافی آئٹم پیش کرنے کی اجازت دینے کا اختیار حاصل ہے، تاہم اس عمل سے متعلقہ وزارتیں اس معاملے پر بحث کرنے اور اپنی رائے دینے کے موقع سے محروم رہتی ہیں۔

Leave A Comment

Advertisement