تازہ ترین

این سی سی آئی اے نے پے درپے کارروائیوں کے ذریعے آن لائن جوئے اور بیٹنگ ایپس کا بڑا گٹھ جوڑ بے نقاب کردیا، آن لائن جوئے اور سٹے کے ذریعے 240 ارب روپے کی ٹرانزیکشنز سامنے آئیں، 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، ایک اور کارروائی میں ٹیٹو ہیکر کو گرفتار کیا گیا، ملزم ڈارک ویب کے ذریعے دنیا بھر کی انٹیلی جنس ایجنسیوں کے اہلکاروں کا خفیہ ڈیٹا چوری کرکے فروخت کرنے میں ملوث تھا۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ آن لائن جوئے اور بیٹنگ ایپس کے خلاف تین ماہ تک تحقیقات کی گئیں۔ تحقیقات میں ایکس 777، میل بیٹ اور ون ایکس بیٹ سمیت متعدد بیٹنگ ایپس کے ذریعے بڑے پیمانے پرمالیاتی لین دین کا انکشاف ہوا، آن لائن جوئے میں ملوث 38 بینک اکاؤنٹس کی نشاندہی کی گئی ہے جبکہ 38 کمپنیوں کے کردار کےمتعلق بھی تحقیقات جاری ہیں، بیٹنگ ایپس ابتدا میں صارفین کو منافع دے کر جوئے کی طرف راغب کرتی ہیں اور بعد ازاں صارفین کی رقوم مسلسل اس کاروبار میں گردش کرتی رہتی ہیں، صارفین جاز کیش اور ایزی پیسہ اکاؤنٹس کے ذریعے بھی رقم منتقل کرتے ہیں جبکہ جوئے سے حاصل ہونے والی رقم کا 60 سے 65 فیصد دوبارہ بیٹنگ ایپس میں لگایا جاتا ہے۔

اسٹیٹ بینک کی رپورٹ میں 6 ارب 15 کروڑ روپے کی مشکوک ٹرانزیکشنز کی نشاندہی کی گئی تھی، تاہم این سی سی آئی اے کی جاری تحقیقات میں مشکوک اکاؤنٹس میں آنے والی مجموعی رقم 240 ارب روپے تک پہنچ گئی، تحقیقات کے مطابق آن لائن جوئے کے نیٹ ورک کی مجموعی مالیاتی سرگرمیاں ایک ہزار ارب روپے تک ہونے کا خدشہ ہے، کارروائی کے دوران ایک ارب روپے مالیت کی رقم اوراثاثے منجمد کیے گئے ہیں،کارروائی کے دوران گرفتار ملزم کے قبضے سے 73 لاکھ روپے نقد بھی برآمد ہوئے، نیٹ ورک سے منسلک دو بینک اکاؤنٹس منجمد کیے گئے ہیں۔انھوں نے بتایا کہ جوئے کی رقم کی منتقلی کے لیے مختلف کاروباری سرگرمیوں کے نام پر بینک اکاؤنٹس کھولے جاتے تھے، ڈیری، ویب ڈیزائننگ اور دیگر کاروباروں کی آڑ میں اکاؤنٹس کھول کر ان کے ذریعے اربوں روپے کی ٹرانزیکشنز کی جاتی تھیں، بے نامی اکاؤنٹس کے مالکان کو ماہانہ معاوضہ دے کر ان کے اکاؤنٹس استعمال کیے جاتے تھے، ایک شخص کے نام پر کھولے گئے تین بینک اکاؤنٹس میں 18 ماہ کے دوران 2 ارب روپے منتقل ہوئے، فیصل بینک، یو بی ایل اور حبیب میٹرو کے اکاؤنٹس بھی مبینہ طور پر جوئے کی رقم کی منتقلی کے لیے استعمال ہوئے، مبینہ طور پر سہولت کاری کرنے والے بینک منیجرز کو بھی ایف آئی آر میں شامل کیا گیا ہے جبکہ بینک اکاؤنٹس کھولنے میں ملوث عملے کے خلاف بھی کارروائی اور گرفتاریوں کا عندیہ دیا گیا ہے۔

آن لائن جوئے کے نیٹ ورک کے اصل بینیفیشری مالکان کو کارروائی میں نشانہ بنایا گیا ہے اور تحقیقات کا دائرہ کراچی سے دیگر شہروں اور بین الاقوامی روابط تک بڑھا دیا گیا ہے، بیٹنگ ایپس تیار کرنے والی متعدد کمپنیاں چینی ہیں اور اس نیٹ ورک کے مالیاتی معاملات کی مزید چھان بین کی جارہی ہے۔

Leave A Comment

Advertisement