کراچی : اقرار الحسن کیخلاف ریاست مخالف مواد کی تشہیر کے مقدمہ میں فرد جرم عائد
جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے عوامی راج پارٹی کے سربراہ اقرار الحسن کیخلاف ریاست مخالف مواد کی تشہیر کے مقدمہ میں ملزم پر فرد جرم عائد کردی۔ ملزم اقرار الحسن اپنے وکلاء کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے اور الزامات سے انکار کردیا، عدالت نے آئندہ سماعت پر پراسیکیوشن کو گواہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔عدالت نے کہا کہ آئندہ پیشی 9 دسمبر کو ہوگی استغاثہ شواہد پیش کرے، عدالت نے ملزم کو آئندہ سماعت پر حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔اقرار الحسن کے وکیل نے کہا کہ درخواست گزار کی اہلیہ کا موبائل فون بھی تحویل میں لیا گیا تھا اور کہا گیا تھا کہ فارنزک تجزیہ کے بعد فون واپس کردیئے جائیں گے لیکن تاحال فون واپس نہیں کیے گئے، عدالت نے درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا جو پیر کو سنایا جائے گا۔ ملزم کے وکلاء نے موبائل فون کی واپسی کیلئے عدالت میں درخواست دائر کردی، درخواست میں کہا گیا کہ گرفتاری کے وقت تحویل میں لیے گئے موبائل فون اور آئی پیڈ تاحال واپس نہیں کیے گئے۔
عدالت نے کہا کہ فیصلہ پیر کو ہوگا، اس دوران فارنزک رپورٹ بھی آ جائے گی، عدالت نے سماعت 9 دسمبر تک ملتوی کردی، ملزم اقرار الحسن اس مقدمے میں ضمانت پر ہیں۔