شازیہ منظور کی جائیداد پر مبینہ قبضے کی کوشش، 2 ملزمان گرفتار
پاکستان کی معروف گلوکارہ شازیہ منظور کی جائیداد پر مبینہ طور پر قبضے کی کوشش اور دھمکیاں دینے کے الزام میں پولیس نے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ لاہور کی ملت پارک پولیس نے گلوکارہ شازیہ منظور کی درخواست پر فوری مقدمہ درج کرتے ہوئے کارروائی کی اور نامزد ملزمان سہیل اور بینش کو گرفتار کر لیا۔ملزمان پر گلوکارہ سے جائیداد کے کاغذات پر زبردستی دستخط کروانے اور متنازع جائیداد پر پہنچ کر کرایہ داروں کو دھمکانے کے الزامات ہیں۔ملزمان کے خلاف دھمکیاں دینے اور خواتین کو ہراساں کرنے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔پولیس نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر لی ہے، جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے تفتیش جاری ہے۔