اسعد محمود نے نیب میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں جواب جمع کرادیا
سابق وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود نے قومی احتساب بیورو (نیب) میں پاکستان پوسٹ میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں جواب جمع کرا دیا ہے۔جواب میں کہا گیا کہ نیب ترامیم کے بعد کسی سرکاری کام، منصوبے یا اسکیم کے طریقہ کار کی خامیوں پر نیب قانون کا اطلاق نہیں ہوتا۔اسعد محمود پر نیب آرڈیننس کی شق 4 اور 9 کا اطلاق نہیں ہوتا۔
نیب نے استفسار کیا تھا کہ پاکستان پوسٹ میں 2646 اسامیوں پر 4252 بھرتیاں کیسے کی گئیں؟سابق وفاقی وزیر نے جواب میں کہا کہ بطور وزیر مواصلات کسی تقرری کا حکم نہیں دیا تھا، بھرتیاں پوسٹ آفس کے مینوئل، محکمانہ قواعد کے مطابق مجاز افسران، محکمانہ کمیٹیوں نے کیں۔
نیب نے سوال کیا کہ اسعد محمود نے مالی فائدہ حاصل کیا اور اپنے رشتہ داروں کو نوکریاں کیسےدیں؟اس پر جواب دیا گیا کہ رشتہ داروں کو نوکریاں دینے کی تردید کرتا ہوں، مالی فائدہ دینے کا کوئی الزام یا ثبوت نہیں، پاکستان پوسٹ میں بھرتیاں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی منظوری سےہوئی تھیں۔
نیب نے اسعد محمود کو دوسرا کال اپ نوٹس جاری کردیا
قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود کو دوسرا کال اپ نوٹس جاری کردیا ہے۔نیب نوٹس میں کہا گیا کہ مولانا اسعد محمود 13 نومبر کو نیب میں پیش ہوکر اپنا بیان ریکارڈ کرائیں۔نیب نے اسعد محمود کو پاکستان پوسٹ آفس ڈپارٹمنٹ میں غیر قانونی بھرتیوں پر طلب کیا تھا، انکوائری 2022 تا 2023ء کے درمیان ہونے والی بھرتیوں کی جا رہی ہے۔نیب نوٹس میں کہا گیا کہ عدم پیشی پر نیب آرڈیننس 1999ء کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔نوٹس میں مزید کہا گیا کہ 10 نومبر کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کے بجائے تحریری جواب بھیجا گیا، مولانا اسعد محمود تحریری جواب غیر تسلی بخش اور ناکافی ہے۔