رحیم یار خان: ممتاز صحافی سہیل وڑائچ کی مخدوم سید احمد محمود کے ہمراہ ایس آئی یو ٹی ہسپتال آمد، پیپلز پارٹی رہنماؤں سے ملاقات
پاکستان کے ممتاز سینئر صحافی، کالم نگار، مصنف اور معروف ٹی وی اینکر پرسن سہیل وڑائچ سابق گورنر پنجاب و صدر پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب مخدوم سید احمد محمود کے ہمراہ ایس آئی یو ٹی ہسپتال کے منصوبے کے سائٹ وزٹ کے موقع پر رحیم یار خان پہنچے، جہاں ڈویژنل صدر پاکستان پیپلز پارٹی انجینئر جاوید اکبر ڈھلوں، آصف خان، محمود الحسن اور دیگر پارٹی رہنماؤں و عہدے داران نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔اس موقع پر سہیل وڑائچ کی انجینئر جاوید اکبر ڈھلوں اور محمود الحسن سے ملاقات ہوئی، جس میں خوشگوار ماحول میں ملکی سیاست، صحافت اور سماجی امور سمیت مختلف موضوعات پر دلچسپ گفتگو کا تبادلہ ہوا۔ سہیل وڑائچ کے شائستہ اندازِ گفتگو، برجستہ جملوں، حسِ مزاح اور سیاسی بصیرت نے شرکائے ملاقات کو متاثر کیا۔ انہوں نے اپنی منفرد صحافتی شناخت، تجزیاتی اسلوب اور مقبول پروگرام ’’ایک دن جیو کے ساتھ‘‘ کے ذریعے ملک بھر میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔ملاقات کے دوران سہیل وڑائچ کی صحافتی خدمات کو بھی سراہا گیا۔ پیپلز پارٹی رہنماؤں نے ان کے ساتھ ملاقات کو خوشگوار اور یادگار قرار دیا۔