امریکا نے دوبارہ غلطی کی تو میدانِ جنگ کا فیصلہ ایران کرے گا: قالیباف
ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ اگر واشنگٹن نے دوبارہ کوئی غلطی کی تو میدان جنگ کا فیصلہ امریکی خواہشات کے بجائے ایرانی مسلح افواج کی صلاحیت اور عزم کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایران اب نہ جنگ اور نہ امن کی غیر یقینی صورتحال میں نہیں رہے گا اور کسی بھی معاہدے کے لیے امریکا کو تہران کی سات شرائط تسلیم کرنا ہوں گی۔پارلیمنٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد باقر قالیباف نے کہا کہ امریکا مذاکرات کرنا چاہتا ہے یا جنگ، اس سے ایران کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔ ان کے مطابق ایران کی سات شرائط ایرانی قوم کی قربانیوں اور ثابت قدمی کا نتیجہ ہیں اور ان شرائط کو تسلیم کرنے سے ہی کسی معاہدے کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔قالیباف نے خبردار کیا کہ اگر امریکا نے دوبارہ کوئی غلطی کی تو اس کے نتائج صرف ایران اور امریکا تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ کئی فریق اس سے متاثر ہوں گے۔
قالیباف کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ رہبر انقلاب آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ ملک کو نہ جنگ اور نہ امن کی موجودہ غیر یقینی صورتحال سے نکالا جائے۔ ایران عزت، انصاف اور برابری کی بنیاد پر مذاکرات کے لیے تیار ہے، تاہم کسی دباؤ، دھمکی یا زبردستی کے سامنے سر نہیں جھکائے گا۔
ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے بھی امریکا پر زور دیا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ مذاکرات سے متعلق من گھڑت اطلاعات پھیلانے کے بجائے تہران کی سات شرائط تسلیم کرے۔