تازہ ترین

کاہنہ کے علاقے میں فارم ہاؤس پر شیرنی کے حملے میں 19 سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا، پولیس نے واقعے کے بعد فارم ہاؤس مالک فیاض عرف فیضی اور ٹک ٹاکر نعمان کو گرفتار کر لیا۔ ٹک ٹاکر نعمان ویڈیو بنانے کے لیے فارم ہاؤس پہنچا تھا، جہاں شیرنی اچانک قابو سے باہر ہوگئی اور فارم کے ملازم 19 سالہ طلحہ پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں نوجوان شدید زخمی ہوگیا۔زخمی طلحہ کو فوری طور پر علاج کے لیے نجی ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔ متوفی کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دی گئی ہے۔

 واقعے کی حقیقت چھپانے کے لیے شیرنی کے حملے کو کتے کا حملہ ظاہر کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم مشکوک صورتحال کی جانچ پڑتال کے دوران شیرنی کے حملے کا انکشاف ہوا۔حملہ آور شیرنی کو فارم ہاؤس سے تحویل میں لے کر وائلڈ لائف حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ واقعے کا مقدمہ درج کیا جا رہا ہے اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔شیرنی رکھنے کے اجازت نامے، فارم ہاؤس میں حفاظتی انتظامات اور ممکنہ غفلت کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ ٹک ٹاک کا شوق کسی انسانی جان سے بڑھ کر نہیں ہو سکتا۔ واقعے کی حقیقت چھپانے کی کوشش کی گئی، غفلت کے تمام پہلوؤں کی مکمل تحقیقات ہوں گی اور ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

 

 

Leave A Comment

Advertisement