بلغاریہ : 70 سے زائد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، 11 افراد ہلاک، 50 زخمی
یورپی ملک بلغاریہ میں شہر یامبول کے قریب ٹریشیا موٹروے پر شدید دھند کے باعث درجنوں گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک اور 50 زخمی ہوگئے۔ حادثے میں کاریں، بسیں، وینز اور بھاری ٹرک ایک دوسرے سے ٹکرا کر تباہ ہوگئے، جبکہ متعدد افراد گاڑیوں میں پھنس گئے۔یہ حادثہ صوفیہ کو بحیرہ اسود کے ساحلی شہر برگاس سے ملانے والی اے ون ٹریشیا موٹروے پر پیش آیا۔ تصادم میں 70 سے زائد گاڑیاں متاثر ہوئیں۔
حکام کے مطابق موٹروے پر دو بڑے سلسلہ وار حادثات پیش آئے۔ پہلا حادثہ برگاس جانے والی لین میں صبح تقریباً 7 بج کر 10 منٹ پر پیش آیا، جس کے کچھ ہی دیر بعد مخالف سمت میں صوفیہ جانے والی لین میں بھی متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔مجموعی طور پر 86 گاڑیاں، وینز اور بھاری ٹرک ان حادثات کی زد میں آئے۔ ان میں سے 63 گاڑیاں برگاس جبکہ 23 صوفیہ جانے والی سمت میں متاثر ہوئیں۔تصادم کے نتیجے میں کئی گاڑیاں الٹ گئیں، متعدد ٹرکوں اور کاروں کو شدید نقصان پہنچا جبکہ بعض گاڑیوں کے ملبے میں مسافر پھنس گئے۔