کراچی: کار سوار شہری کا قتل، ملزمان گرفتار
کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں سپارکو روڈ پر پولیس نے مقابلے کے دوران کار سوار شہری کے قتل میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق بلدیہ ٹاؤن میں سپارکو روڈ پر پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ ہوا، جس میں 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔ملزمان سے غیر قانونی اسلحہ، موبائل فون اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں 2 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ ان کا 1 ساتھی فرار ہو گیا۔ ملزمان کی شناخت یاسر عرف بابل عرف اونٹ اور غلام مصطفیٰ عرف مستو کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے 2 نومبر کو سپارکو روڈ پر کار سوار سعد ظفر کو فائرنگ کر کے قتل کیا تھا، ملزمان نے دوران تفتیش شہری کے قتل کا اعتراف کیا ہے۔پولیس کو بیان دیتے ہوئے ملزمان نے بتایا کہ انہوں نے واردات کے دوران اسلحہ دکھا کر کار روکنے کی کوشش کی تھی، کار سوار شہری کی فائرنگ پر جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں سعد ظفر موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا تھا۔ملزمان نے بتایا ہے کہ ان کا 6 رکنی گروہ ہے جو ڈکیتی و راہزنی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے، گرفتار ملزم غلام مصطفیٰ کے خلاف 8 جبکہ یاسر بابل کے خلاف 2 مقدمات درج ہیں۔پولیس نے گرفتار ملزمان سے تفتیش کا آغاز کر کے گروہ کے باقی ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔