مراد سعید افغانستان میں ہیں تو پی ٹی آئی دہشت گرد عناصر کے خلاف کیسے آواز اٹھائے گی؟ فیصل کریم کنڈی
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے مراد سعید کی افغانستان میں موجودگی سے متعلق سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ اگر مراد سعید اب بھی افغانستان میں پناہ لیے ہوئے ہیں تو پاکستان تحریک انصاف دہشتگرد عناصر کے خلاف کیسے آواز اٹھائے گی؟ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے علی امین گنڈاپور کے ساتھ اپنے تعلق کے حوالے سے دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈاپور میرے دوست نہیں بلکہ بدقسمتی سے رشتہ دار ہیں۔پی ٹی آئی کے 13 سالہ دورِ اقتدار کا حساب محض 11 دن میں نہیں لیا جا سکتا، تاہم صوبے میں تجاوزات کے خاتمے، صفائی ستھرائی اور انتظامی امور میں بہتری کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
انہوں نے خبردار کیاکہ تجاوزات کے خلاف کارروائی میں کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی، جبکہ کسی انتظامی افسر کے ملوث پائے جانے پر اس کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔صوبے کے لیے 100 روزہ منصوبے سمیت مختلف اقدامات کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف بھی بہت جلد پشاور کا دورہ کریں گے۔
اضاخیل میں ناقص گندم کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اس معاملے کی تحقیقات کے لیے قائم کی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کی رپورٹ بھی موصول ہو چکی ہے۔صوبے میں معدنیات پر قبضے سے متعلق خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے الزام عائد کیاکہ بعض سیاسی جماعتیں اس معاملے پر غلط خبریں پھیلا کر عوام میں گمراہ کن تاثر پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہیں۔سیاسی جماعتوں کو احتجاج کرنے کا حق حاصل ہے، تاہم احتجاج کی آڑ میں توڑ پھوڑ کسی صورت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایک سیاسی جماعت توڑ پھوڑ کی کارروائیوں میں ملوث ہے۔دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پولیس کی تمام ضروریات پوری کی جائیں گی، جبکہ جس ادارے کو بھی معاونت کی ضرورت ہوگی، اسے فراہم کی جائے گی۔