تازہ ترین

خیبرپختونخوا  کے وزیر اعلٰی سہیل آفریدی کا لانگ مارچ لکی مروت کے علاقہ گنڈی سے شروع ہوا اور  کرک پہنچ کر یہاں رات رکنے کا اعلان کر دیا گیا۔ سہیل آفریدی نے گنڈی میں لانگ مارچ کے آغاز سے پہلے بھی اجتماع سے خطاب کیا تھا، کرک پہنچ کر انہیں نے ایک بار پھر اپنے مارچ میں ساتھ آنے والوں اور کرک سے شریک ہونے والوں سے خطاب کیا۔سہیل آفریدی نے کہا کہ آج ہم کرک سے آگے بڑھیں گے۔سہیل آفریدی نے لکی مروت میں بھی متنازعہ باتیں کی تھیں، کرک پہنچ کر بھی انہوں نے اپنے خطاب میں متنازعہ باتیں کیں۔ انہوں نے کہا کہ  جب آپ میں شعور ہوتا ہے ، آزاد عدلیہ ، آزاد میڈیا ، آئین و قانون کی بالادستی کی بات کرتے ہیں تو نا سمجھ کہا جاتا ہے ، ان کی نظر میں سمجھدار وہ ہے جو 5300 ارب روپے کی کرپشن کرے۔ جو  لندن سرکاری جہاز میں جائے وہ سمجھدار ہے۔ ان کی نظر میں"سمجھدار وہ ہوتے ہیں جو پشتونوں کے سروں کا سودا کر کے جزیرے خریدتے ہیں۔جب میں پشتونوں کی بات کرتا ہوں، آپریشن اور ڈرون حملوں کے خلاف بات کرتا ہوں تو ناسمجھ کہا جاتا ہے ۔

سہیل آفریدی نے انتہائی متنازعہ باتیں کرتے ہوئے الزامات لگائے۔ انہوں نے خیبر پختونخوا میں دہشتگردوں کے حملوں سے عاجز آ کر کی جانے والی حالیہ جوابی کارروائیوں کے متعلق انتہائی متنازعہ باتیں کیں۔ سہیل آفریدی نے کہا، میں ان طاقتوروں کو "ایبسلوٹلی ناٹ"  کہوں گا جو میرے پشتونوں کے سر کا سودا کریں گے.سہیل آفریدی نے الزام لگایا کہ پی ٹی آئی کا بانی اور بشریٰ بی بی ناحق قید کاٹ رہے ہیں، اب بانی کی بہنیں جیل میں ہیں۔ سہیل ٓافریدی نے کہا وہ اس ظلم و جبر کا مقابلہ آپ کے لیے کر رہے ہیں، آپ کے بچوں کے مستقبل کے لیے یہ سب برداشت کر رہے ہیں۔  اپنے لیے نکلو، اپنے مستقبل کے لیے نکلو ، طاقتوروں کو پیغام دینا ہے کہ ہمیں بند کمروں کے فیصلے قبول نہیں۔ ہمارے لانگ مارچ کا اگلا پڑاؤ کوہاٹ میں ہوگا ، صوابی میں آگے کا لائحہ عمل دیں گے۔ جب قافلہ صوابی پہنچے گا تو طاقتوروں کی نیندیں حرام ہو جائیں گی۔ اس بار ہم نے جیتنا ہے ، عدلیہ ، پارلیمنٹ اور میڈیا کو آزاد کرانا ہے۔

سہیل آفریدی کی قیادت میں لکی مروت سے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کا آغاز ہوا تو اس میں پی ٹی آئی کے کئی ارکان پارلیمنٹ بھی موجود تھے۔ مقامی اور دوسرے شہروں سے آئے ہوئے کارکنوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔ بعض آبزرورز نے اس مارچ میں لکی مروت سے چلنے کے وقت شرکا کی تعداد دو ہزار کے لگ بھگ بتائی۔پی ٹی آئی کے ذرائع نے بتایا کہ ابتدا میں صرف مقامی کارکن ہی شریک ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مارچ کے پہلے مرحلے میں لکی مروت، ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان، جنوبی وزیرستان، شمالی وزیرستان اور بنوں سے کارکن لانگ مارچ میں شامل ہیں۔ لانگ مارچ کے شرکاء آج رات کرک کے قریب قیام کریں گے۔بنوں اورکرک کی سرحد پر واقع  چوک میں اپنے مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نےکہا کہ یہ ٹیسٹ میچ ہے، دو دن بعد اسے ٹی ٹوئنٹی میچ بنائیں گے۔

سہیل آفریدی نے اپنے مارچ کو جنگ قرار دیا اور کہا، یہ جنگ صرف پشتونوں کی نہیں پورے پاکستان کی جنگ ہے، آج رات کرک میں گزاریں گے،کرک کے غیور عوام کل نکلیں گے۔ میرے لیڈر نے امریکہ  کو اور میں نے "بند کمروں کے فیصلہ سازوں" کو ایبسلوٹلی ناٹ کہا، کل شام بانی کے اور پشتونوں کے وزیراعلیٰ نے ملٹری آپریشنز  اور ڈرون اٹیکس کو ایبسلوٹلی ناٹ کہا ہے، اب خیبر پختونخوا کے عوام کے فیصلے صوبے میں ہی ہوں گے، ہم بار بار کہتے ہیں کہ 22 سال سے جو پالسی آپ نافذ کر رہے ہیں اس سے دہشت گردی بڑھ رہی ہے، ہم نے امن صرف بانی پی ٹی آئی کے ساڑھے تین سالوں میں دیکھا ہے، ہم ہر اس پالیسی کو ایبسلوٹلی ناٹ کہیں گے جو عوام کے حق میں نہیں ہوگی۔میرے پاس بندوقیں نہیں,عوامی طاقت ہے، ساؤتھ ریجن کے عوام نے ہر اس پالیسی کو مستردکیا جو ان کے حق میں نہیں، پوری قوم چاہتی ہے بانی پی ٹی آئی باہر آئیں اور ملک کی قیادت سنبھالیں۔ بانی پی ٹی آئی نہیں ٹوٹ رہا ، ان کی اہلیہ اور بہنوں کو جیل میں ڈالا گیا مگر وہ  پھر بھی نہیں جھکا۔ اس وقت مزدور ، کسان رو رہا ہے، نوجوان ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں۔

 

 

 

 

 

Leave A Comment

Advertisement