سعودیہ میں غیر قانونی تارکین کیخلاف کارروائی، مزید 12 ہزار 192 گرفتار
سعودی عرب میں غیر قانونی تارکین کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے مزید 12 ہزار 192 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
سعودی عرب میں ایک ہفتے کے دوران اقامہ، لیبر اور سرحدی قانون کی مزید 12 ہزار 192 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی ہیں جبکہ 17 ہزار 368 غیر قانونی تارکین کو ان کے ملک واپس بھیجا گیا۔مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایس پی اے نے وزارت داخلہ کی رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ 16 سے 22 اپریل 2026 کے درمیان مجموعی طور پر 6 ہزار 606 افراد کو اقامہ قانون، 3 ہزار 510 کوغیر قانونی سرحد عبور کرنے کی کوشش اور 2 ہزار 76 کو قانون محنت کی خلاف ورزی پر حراست میں لیا گیا۔ غیر قانونی طور پر سعودی عرب میں داخل ہونے کی کوشش پر ایک ہزار 454 افراد کو حراست میں لیا گیا، ان میں 67 فیصد ایتھوپین، 32 فیصد یمنی اور ایک فیصد دیگر ملکوں سے تعلق رکھتے ہیں۔
علاوہ ازیں مزید 50 ایسے افراد کو بھی پکڑا گیا ہے جو سرحد پار کرکے سعودی عرب سے ہمسایہ ملکوں میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ سفر، رہائش، روزگار اور پناہ دینے کی کوششوں میں ملوث 22 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔
واضح رہے سعودی عرب میں غیرقانونی تارکین وطن کو سفری، رہائشی یا ملازمت کی سہولت فراہم کرنا قانوناً جرم ہے اور اس کے لئے مختلف سخت سزائیں مقرر ہیں۔