کراچی : فلائی جناح کی ابوظہبی کی پہلی پرواز 112 مسافروں کو لے کر روانہ
فلائی جناح کی کراچی سے ابوظہبی کی پہلی پرواز 112 مسافروں کو لے کر روانہ ہوگئی۔پاکستان کی پہلی نجی پرواز کی روانگی سے قبل کراچی ایئرپورٹ پر تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ایئرپورٹ مینیجر نے کیک کاٹا اور افتتاح کیا۔افتتاحی تقریب میں فلائی جناح کے ایئرپورٹ مینیجر اور پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے نمائندے شریک ہوئے۔ابوظہبی کے لیے کراچی سے افتتاحی پروازائیربس 320 ساختہ طیارے کے ذریعے آپریٹ کی گئی۔ مقررہ وقت پر پرواز کی روانگی کے دوران فلائی جناح نے بروقت روانگی کے معیار کو برقرار رکھا ۔کراچی سے ابوظہبی کیلیے ہفتے میں چار پروازیں چلائی جائیں گی۔
واضح رہے کہ فلائی جناح کا ابوظہبی روٹ ساتواں بین الاقوامی روٹ ہے جس پر آج سے آپریشن شروع کیا جارہا ہے۔ فلائی جناح اس سے قبل جدہ، ریاض، دمام، بحرین، دبئی اور شارجہ کے لیے پروازیں آپریٹ کررہی ہے۔