حکومت کا ونڈ فال ٹیکس کی تجویز دوبارہ زیر غور لانے کا فیصلہ
حکومت نے مشرق وسطیٰ کی جنگ کے باعث تیل کی قیمتوں میں اضافے سے فائدہ اٹھانے والی آئل سیکٹر کی کمپنیوں سے کم از کم 25 ارب روپے وصول کرنے کے لیے ونڈ فال گین ٹیکس (غیر معمولی منافع پر ٹیکس) عائد کرنے کی بجٹ تجویز دوبارہ بحال کردی۔یہ اقدام آئی ایم ایف سے کیے گئے وعدے کا حصہ ہے تاہم اس معاملے پر ٹیکس حکام اور پٹرولیم ڈویڑن کے درمیان اختلاف برقرار ہے کہ آیا یہ ٹیکس عائد کیا جائے اور اس مقصد کے لیے جون کے اختتام یا ستمبر کے اختتام کے مالیاتی گوشواروں کو بنیاد بنایا جائے۔اس معاملے سے آگاہ سینئر سرکاری حکام کے مطابق ایف بی آر ونڈ فال منافع کا تعین کرنے کے لیے مارچ، جون اور ستمبر کے تین مختلف مہینوں کے مالیاتی گوشواروں کا جائزہ لے رہا ہے، جبکہ اس کا رجحان ستمبر کے اختتام کے گوشواروں کو بنیاد بنانے کی جانب ہے۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے رواں ہفتے اس تجویز کو حتمی شکل دینے کے لیے اجلاس کی صدارت کی، تاہم متعدد معاملات پر اختلافات کے باعث کوئی فیصلہ نہ ہوسکا۔
حکومت نے آئی ایم ایف کو یقین دہانی کرائی ہے کہ آئل سیکٹر کی کمپنیوں سے ونڈ فال گین ٹیکس کی مد میں 25 ارب روپے وصول کیے جائیں گے۔ اگر تیل کے شعبے پر یہ ٹیکس عائد نہ کیا گیا تو حکومت کو آئی ایم ایف سے کیے گئے وعدے کی تکمیل کے لیے آمدنی کے دیگر اقدامات کرنا پڑسکتے ہیں۔تاہم آئی ایم ایف اس مرتبہ نسبتاً نرم رویہ اختیار کیے ہوئے دکھائی دیتا ہے اور اس نے پروگرام کی متعدد اہم شرائط کی خلاف ورزیوں کو نظر انداز کیا ہے، جن میں چینی کے شعبے کو مکمل طور پر ڈی ریگولیٹ کرنا اور ریٹیل و رئیل اسٹیٹ شعبوں پر ٹیکس عائد کرنے کے اقدامات شامل ہیں۔
ایف بی آر پہلے ہی 95 ارب روپے کے ریونیو شارٹ فال کا سامنا کر رہا ہے، جس میں نومبر کے لیے مقررہ 1.08 ٹریلین روپے کا ہدف بڑے فرق سے حاصل نہ ہونے کی صورت میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔ونڈ فال گین ٹیکس کے نفاذ کے لیے حکومت کو صدارتی آرڈیننس جاری کرنے یا قومی اسمبلی میں بل پیش کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی، کیونکہ پارلیمنٹ یہ اختیار وفاقی بیوروکریسی کو پہلے ہی دے چکی ہے۔