نورس اٹلانٹک کا آپریشن اچانک معطل، برطانیہ سے پی آئی اے کی دو پروازیں منسوخ
نورس اٹلانٹک کی جانب سے اچانک آپریشن معطل کیے جانے پر برطانیہ سے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز(پی آئی اے) کی دو پروازیں متاثر ہوئیں اور دونوں پروازوں کو منسوخ کردیا گیا۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے نے نورس اٹلانٹک سے برطانوی آپریشن کو تقویت دینے کے لیے دو طیارے ویٹ لیز پر حاصل کیے تھے، تاہم کچھ لمحوں قبل نورس اٹلانٹک نے بغیر کسی پیشی اطلاع کے آپریشن معطل کردیا۔معطلی ایسے وقت پر کی گئی جب لندن اور مانچسٹر میں مسافروں کا چیک ان شروع ہونے والی تھا۔نورس آپریشن رک جانے کے باعث لندن تا اسلام آباد پی کے 786 اور مانچسٹر تا لاہور پی کے 710 منسوخ کردی گئی ہیں۔ تیسرے فریق پر انحصار ختم کرنے اور فضائی آپریشن کا تسلسل یقینی بنانے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کیے گئے ہیں اور پی آئی اے کل 26 نومبر سے برطانیہ کے تمام آپریشن اپنے بوئنگ 777 طیاروں کے ذریعے چلائے گا۔پی آئی اے کی جانب سےکل سے پروازوں کا شیڈول معمول کے مطابق چلانے کے لیے متبادل انتظامات مکمل ہیں اور پی آئی اے اپنے مسافروں کو پیش آنے والی زحمت پر معذرت خواہ ہے اور ان کو اگلی پروازوں پر منتقل کرنے کے لیے رابطہ کررہا ہے۔
مسافر پروازوں کی معلومات یا بکنگ کی تبدیلی کے لیے پی آئی اے کی ویب سائٹ یا کال سینٹر پر رابطہ کرسکتے ہیں۔