پاکستانی خلا باز ذیشان علی چینی خلا بازوں کے ساتھ خلا میں پہنچ گئے
پاکستانی خلا باز ذیشان علی چینی خلا بازوں کے ساتھ خلا میں پہنچ گئے، ذیشان علی خلا میں جانے والے پہلے پاکستانی خلا باز بن گئے۔ذیشان علی تیان گونگ خلائی اسٹیشن پہنچنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بھی ہیں، خلائی مشن نے صبح 5 بج کر 18 منٹ پر خلا کی جانب پرواز کی۔چین کے انسانی خلائی مشن شینزو 24 کی روانگی سے قبل شاندار الوداعی تقریب منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال بھی موجود تھے، شرکاء پاکستانی پرچم بھی لہراتے رہے، ہزاروں کی تعداد میں چینی شہری بھی خلائی سفر کو دیکھنے کے لیے جمع تھے۔ذیشان خلا میں جانے والے پہلے پاکستانی خلا باز ہیں، وہ تیان گونگ خلائی اسٹیشن پہنچنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بھی ہیں۔
روانگی سے قبل ذیشان علی نے مشن کو پاکستان کے لیے اعزاز قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں مزید مشترکہ خلائی مشن بھی ہوں گے۔خلا میں جانے والے پہلے پاکستانی خلا باز ذیشان علی کی خلائی پرواز سے قبل الوداعی تقریب پاکستانی وقت کے مطابق آج رات ایک بج کر 40 منٹ پر منعقد ہوئی۔
ذیشان علی 2 چینی خلا بازوں کے ہمراہ تقریباً ایک ہفتہ خلائی اسٹیشن پر گزاریں گے، چین کے خلائی اسٹیشن ’’تیان گونگ‘‘ میں مختلف سائنسی تجربات انجام دیں گے، پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کی خلائی پرواز سے پاکستان کا نام عالمی خلائی تحقیق میں نمایاں ہو گا۔
پاکستانی خلاباز ذیشان علی خلائی سفر پر روانگی کے لیے خلائی شٹل میں سوار ہوئے، ذیشان علی کے ساتھ 2 چینی خلا باز بھی ہیں، تینوں خلا نورد 5 گھنٹے کے سفر کے بعد خلا میں پہنچیں گے، خلا باز ایک ہفتے تک خلا میں موجود رہیں گے اور مختلف سائنسی تجربات انجام دیں گے۔
چینی سفارت خانے کا پہلے پاکستانی خلاباز کے خلا میں جانے پر پیغام
اسلام آباد میں چینی سفارت خانے نے پہلے پاکستانی خلاباز کے خلا میں جانے پر پیغام جاری کردیا۔چینی سفارت خانے نے پیغام کے ساتھ ایک مختصر ویڈیو بھی جاری کی۔ ویڈیو میں موسیقی کے ذریعے پاک چین دوستی اور مشترکہ خلائی عزم کا پیغام دیا گیا۔ ترجمان چینی سفارتخانہ کے مطابق چین پاکستان دوستی کا نیا رنگ، خلا سے موسیقی تک مشترکہ خواب ہے۔ چینی اور پاکستانی خلا بازوں نے مشترکہ خوابوں کو ایک خوبصورت نغمے میں ڈھال دیا۔پیغام میں کہا گیا کہ چینی اور پاکستانی خلا بازوں کی ایک ساتھ تربیت سے خلائی سفر تک کی مشترکہ کہانی ہے۔ چین اور پاکستان کے خلا باز ایک ہی خواب اور ایک ہی منزل کے ساتھی بن گئے ہیں۔ اس میں یہ بھی کہا گیا کہ زبانوں اور پہاڑوں کی سرحدیں بھی پاک چین دوستی کی راہ میں رکاوٹ نہ بن سکیں۔ مشترکہ احساسات اور خوشیاں، پاک چین دوستی کے رشتے کو مزید مضبوط بنانے لگیں۔ترجمان چینی سفارتخانے نے کہا کہ ایک نغمہ، ایک خواب، پاک چین دوستی کا خوبصورت اظہار ہے۔ امن، تعاون اور روشن مستقبل کے لیے چین اور پاکستان کے مشترکہ عزم کا اظہار ہے۔
صدر مملکت کی پاکستان کے پہلے خلاباز مشن پر قوم کو مبارکباد
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان کے پہلے خلاباز مشن پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان کے خلائی پروگرام میں سپارکو، سائنسدانوں اور انجینئرز کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔اپنے پیغام میں صدر مملکت نے خلابازوں کے لیے کامیاب مشن اور بحفاظت واپسی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان کی انسانی خلائی پرواز میں شرکت قومی فخر کا عظیم لمحہ ہے، خلائی مشن پاکستان کے سائنس، تحقیق اور ٹیکنالوجی کے فروغ کے عزم کا عکاس ہے۔چین کا تعاون پاکستان کے خلائی سفر میں اہم کردار ادا کررہا ہے، تاریخی مشن پاکستان کے خلائی پروگرام کے لیے نئے امکانات کے دروازے کھولے گا۔صدر مملکت نے مزید کہا کہ خلائی مشن کے سائنسی تجربات، تحقیق اور علم کے فروغ میں معاون ثابت ہوں گے، انسانی خلائی پرواز میں شرکت تحقیق، سیکھنے اور جدت کے فروغ کا ذریعہ ہے۔آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ خلائی تحقیق زمین پر درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے، پاکستانی نوجوان اعتماد اور بلند عزم کے ساتھ سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے بڑھیں۔